فل کورٹ اجلاس،پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی سماعت براہِ راست دکھانے پر اتفاق

عدالتی کارروائی براہِ راست دکھانے کیلئے 5 کیمرے کمرہ عدالت نمبر ایک میں نصب کر دئیے گئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی سماعت براہِ راست دکھانے پر اتفاق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس ہوا،فل کورٹ اجلاس میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی سماعت براہِ راست دکھانے کی اجازت دے دی گئی۔ عدالتی کارروائی براہِ راست دکھانے کیلئے کورٹ روم نمبر ون میں کیمرے نصب کرنا شروع کر دئیے گئے۔
پی ٹی وی کی سیٹلائٹ گاڑیاں سپریم کورٹ پہنچا دی گئیں،جبکہ سپریم کورٹ میں لائیو براڈ کاسٹ کیلئے تاریں بھی بچھا دی گئی ہیں۔ چار کیمرے وزیٹرز گیلری میں لگائے گئے ہیں اور ایک کیمرہ ججز ڈائس کے سامنے وکلاء کے روسٹرم کیلئے نصب کیا گیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف سماعت کیلئے فل کورٹ بینچ تشکیل دیا گیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے حلف اٹھانے کے بعد پہلا فیصلہ کرتے ہوئے فل کورٹ بینچ تشکیل دیا۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف سماعت آج ہو گی، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں فل کورٹ سماعت کرے گا، چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف سماعت کے لئے فل کورٹ بنانے کا فیصلہ کیا۔ سپریم کورٹ کے 8 رکنی لارجر بینچ نے پہلے ایکٹ پر حکم امتناعی جاری کیا تھا تاہم سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف سماعت کے لئے فل کورٹ بینچ تشکیل دیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے 29 ویں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے عہدے کا حلف اٹھایا، ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا، چیف جسٹس آف پاکستان کی تقریب حلف برداری میں وفاقی وزرا، سپریم کورٹ کے ججز سمیت اعلیٰ حکام تقریب میں شریک ہوئے۔