نوازشریف کی وطن واپسی کی راہ میں کوئی قانونی مشکل حائل نہیں، نیب ترامیم کیس کے فیصلے کا نوازشریف کے کیسز سے کوئی تعلق نہیں، لندن میں قائدن لیگ،سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں بریفنگ
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف کوقانونی ٹیم نے21 اکتوبر کو وطن واپسی کیلئے باقاعدہ کلیئرنس دے دی، نوازشریف کی وطن واپسی کی راہ میں کوئی قانونی مشکل حائل نہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز نے شرکاء کو بریفنگ دی، اجلاس میں شہبازشریف، اسحاق ڈار ، عطاء تارڑ، ودیگر رہنماء شریک ہوئے۔
قانونی ٹیم نے نوازشریف کو وطن واپسی کیلئے کلیئرنس دے دی ہے، نوازشریف کی وطن واپسی کی راہ میں کوئی قانونی مشکل حائل نہیں۔ بریفنگ میں قائد ن لیگ نوازشریف کو بتایا گیا کہ نیب ترامیم کیس کے فیصلے کا نوازشریف کے کیسز سے کوئی تعلق نہیں، اس فیصلے کا نوازشریف کے کیسز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
وکیل امجد پرویز نے کہا کہ مریم نواز کا کیس میرٹ پر جیتا تھا، وہ کیس ہے وہی حقائق ہیں، وہی چیزیں نوازشریف کے کیس پر اپلائی ہوتی ہیں۔
نیب ترامیم سے نوازشریف یا شہبازشریف نے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا۔قانونی ٹیم نے نوازشریف کی پاکستان واپسی کیلئے لائحہ عمل تیار کرلیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی تنظیموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چار سال میں پاکستان کی معیشت، معاشرت اور مفادات کی بنیادیں ہلا دی گئیں، نوازشریف نے قوم سے کئے ہر وعدے کو پورا کیا، پاکستان کے اتحاد، مفاداور ترقی کا نام نوازشریف ہے، نوازشریف نے سیاسی انتقام کا سامنا کیا لیکن سیاسی انتقام کبھی نہیں لیا، وفاق پاکستان کے مفادات کا تحفظ صرف نوازشریف کرسکتا ہے ، نوازشریف ہی وہ واحد قائد ہے جس پر وفاق اور تما م اکائیوں کو اعتماد ہے۔
وزیراعظم نوازشریف ملک کے اندر ہی نہیں خطے اور دنیا میں بھی پاکستان کی نیک نامی اورترقی کی ضمانت ہے ، 21 اکتوبر کو پاکستان اپنے قائد کا تاریخی استقبال کرے گی ، ان شاءاللہ، عوام پورا مینڈیٹ نوازشریف کو دیں ، نوازشریف عوام کو ہمیشہ کی طرح پورا ریلیف دیں گے ، ان شاءاللہ عوام مینڈیٹ سے سیاسی منظر نامہ بدل دیں، نوازشریف عوام کی تقدیر بدل دیں گے، الحمدللہ، ہمارے پاس قیادت بھی ہے، ایجنڈا بھی ہے، ٹیم بھی ہے اور اخلاص وعزم بھی۔
مزید برآں پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختون خوا کے عہدیداروں اور کارکنوں کا نوازشریف کی واپسی کے اعلان کا بھرپور خیرمقدم، تاریخی استقبال کے عزم کا پختہ اظہار ، پارٹی راہنماﺅں اور کارکنوں کی نوازشریف کے حق میں بھرپور جذباتی تقاریر ، شرکاء نے خطاب میں کہا کہ نوازشریف کی واپسی دہشت گردی، معاشی بدحالی اور مہنگائی کے خلاف اعلان جنگ ہے ،نوازشریف, پاکستان کی عوام کے محسن ہیں ، اپنے قائد کو خوش آمدید کہنا ہمارا فرض ہے،نوازشریف نے بہادری، ثابت قدمی سے سیاسی انتقام کا مقابلہ کیا، نوازشریف نے عوام کو مہنگائی سے بچایا تھا، اس خدمت کی اُنہیں سزا ملی، سیاسی انتقام کی آگ کے دریا عبور کرکے نوازشریف اپنے لوگوں میں واپس آرہے ہیں، 2016 میں عوام سے ترقی ، مہنگائی میں کمی چھین لی گئی۔
نوازشریف کے خلاف سازش کے نتیجے میں عوام کو مہنگائی ملی، نوازشریف کے خلاف سازش پاکستان کی ترقی کے خلاف سازش تھی، نوازشریف کی واپسی مہنگائی میں کمی اور معاشی ترقی کے سنہری دور کی دوبارہ واپسی کا آغازبنے گی، دس سال کٹھ پتلی کی خیبرپختونخوا میں مسلط حکومت نے صرف لوٹ مار کی، نوازشریف نے خیبرپختون خوا کو تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی منصوبے دئیے، نوازشریف ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتا ہے، نوازشریف نے وفاق پاکستان کو مضبوط کیا، عوام کو بلاامتیاز ترقی کے سفر میں شامل کیا، 2013 سے 2018 میں نوازشریف نے پاکستان کو معاشی طور پر پیروں پر کھڑا کردیا تھا، اُن کرداروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے جن کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ کو پہنچا، مہنگائی آج اس انتہاپر ہے، آج پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے ذمہ دار وہ ہیں جنہوں نے نوازشریف کو اقتدار سے الگ کیا، نوازشریف پاکستان اور قوم کی بہتری کے لئے واپس آرہے ہیں، آج پاکستان اور عوام کو نوازشریف کی ضرورت ہے، قوم کے ساتھ مل کر معمار پاکستان کا تاریخی استقبال کریں گے،ہم نواز شریف کے مشکور ہیں، مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخواہ کا ورکر نواز شریف کی طاقت بن کر دکھائے گا۔