راولپنڈی، غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن

کمشنرراولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر قائم ٹاسک فورس کی بڑی کاروائی، 11 غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن

راولپنڈی (کرائم ڈیسک) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ کی سربراہی میں قائم ٹاسک فورس نے چکری روڈ راولپنڈی پر 11 غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے راول انکلیو،حیدر ریذیڈنشیا، پارک زمین ٹاؤن، الحرم سٹی، دانیال الحرم بلاک، تعمیر گارڈن، خان بلڈرز، منان سٹی، ملٹی گارڈن فیز- II ، فیصل ٹاؤن فیز۔II اور کیپیٹل سمارٹ سٹی ایکسٹینشن نامی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے دفاتر، مین گیٹس، ڈیوائیڈرز،بل بورڈز اور روڈ انفراسٹرکچر کو مسمار اور سربمہر کر دیا۔ ٹاسک فورس کے سربراہ و ڈی جی آر ڈی اے نے کہا عوام الناس کی شکایات پرغیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی دھوکہ دہی، شہریوں کو ورغلا کی لوٹ مار اور جعلسازی کو روکنے کے لئے گرینڈ آپریشن کیا گیا جس کاتسلسل قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان پر ناجائز قبضوں کی شکایات ہیں۔ سربراہ ٹاسک فورس و ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ نے کہا کہ جن ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان نے قانونی کاغذات پورے کئے ہیں انہیں پراسس دیا ہے اور آر ڈی اے وقتاً فوقتاً عوام الناس کے معلومات کے لیے پریس ریلیز جاری کرتا رہتا ہے کہ وہ غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں میں اپنا سرمایہ نہ لگائیں اور آرڈی اے ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر دیکھیں۔






انہوں نے متنبہ کیا کہ صرف منظور شدہ ہاءوسنگ سکیموں سے خریدو فروخت کریں۔ حکام کے مطابق غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان و سپانسرز سید نیئر رضا، مسٹر اسامہ عباسی، راجہ۔ شعیب تنویر، راجہ رضوان چراغ، شیخ افتخار احمد عادل، جناب عبدالمنان قدسی، جناب شاہد رضا کو غیر قانونی اشتہارات، بکنگ اور ڈویلپمنٹ کی وجہ سے پیشگی نوٹس جاری کئے گئے تھے۔ ٹاسک فورس بشمول ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ سمیع اللہ نیازی، ایس پی صدر نبیل کھوکھر، اے ایس پی زینب ایوب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول آر ڈی اے عثمان باجوہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ آر ڈی اے ملک وقار احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ آر ڈی اے مہوش نسیم، آر ڈی اے سکیم انسپکٹرز، ضلع کونسل انسپکٹر مسٹر حفیظ، ضلع انتظامیہ کے نمائندہ تحصیلدار نعیم اللہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مشترکہ طور پر کارروائی کی۔