سری لنکا نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 252 رنز کا ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا
کولمبو (سپورٹس ڈیسک) ایشیا کپ میں پاکستان کا سفر تمام، سری لنکا ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق کولمبو میں کھیلے گئے سپر 4 مرحلے کے اہم ترین میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر ایشیاء کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ اتوار 17 ستمبر کو بھارت اور سری لنکا ایشیاء کپ کے فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔
جمعرات کے روز کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 252 رنز کا ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ سری لنکا کی اننگ کے دوران پاکستان کی ایک غلطی قومی ٹیم کیلئے شکست کی سب سے بڑی وجہ بن گئی۔ محمد رضوان کے ہاتھوں 10 رنز پر ڈراپ ہونے والے لنکن بلے باز اسالنکا میچ کے آخر تک وکٹ پر موجود رہے اور آخری اوور میں اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں کامیاب ہو گئے، انہوں نے 49 رنز کی اننگ کھیلی۔
سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس 91 رنز کی اننگ کھیل پر سب سے نمایاں رہے، جبکہ پاکستان کی جانب سے افتخار احمد 3 وکٹیں حاصل کر کے سب سے نمایاں رہے۔ اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایشیاکپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا کو کامیابی کے لیے 253 رنز کا ہدف دیا تاہم ڈی ایل ایس سسٹم کے تحت لنکن بلے بازوں کیلئے ہدف میں ایک رن کی کمی کر دی گئی تھی۔
بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہونے کی وجہ سے 45 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا جو بعد ازاں دوبارہ بارش ہونے کی وجہ سے 42 اوورز تک محدود کرنا پڑا۔ کولمبو میں کھیلے گئے سری لنکا کیخلاف میچ میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا۔ عبد اللہ شفیق اور فخر زمان کو مشکلات کا سامنا رہا ، 5ویں اوور میں فخر زمان کو پرامود مدھوشان نے کلین بولڈ کردیا۔
بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کے درمیان 50 رنز سے زائد کی پارٹنر شپ قائم ہوئی ، بابراعظم 29 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ عبداللہ شفیق بھی 52 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ محمد حارث پریتھانا کی گیند پر انہیں کیچ دے بیٹھے۔ حارث نے صرف 3 رنز بنائے۔ محمد نواز کو مہیش تھیکشانا نے بولڈ کیا، انہوں نے 12 رنز بنائے۔ اس موقع پر بارش کے باعث میچ روکا گیا ، بعد میں اوورز کی مزید کٹوتی کردی گئی اور میچ کو 42، 42 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔
بارش کے بعد محمد رضوان اور افتخار احمد نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، رضوان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی ،افتخار 47 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ پاکستان نے بارش سے متاثرہ میچ میں مقررہ 42 اوورز میں7 وکٹوں پر 252 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 73 گیندوں پر ناقابل شکست 86 رنز بنائے، وکٹ کیپر بیٹر کی اننگز میں 2 چھکے اور 6 چوکے شامل ہیں۔ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی لنکن ٹیم کے خلاف بڑا اسکور کرکے ٹیم کو پریشر میں لائیں۔
بابراعظم نے بتایا کہ گزشتہ روز اعلان کردہ ٹیم میں دو تبدیلیاں مزید کی گئی ہیں امام الحق کمر میں درد جبکہ سعود شکیل بخار کے باعث پلئینگ الیون کا حصہ نہیں ہیں۔ اس موقع پر سری لنکن کپتان داسن شناکا نے کہا کہ پاکستانی بیٹنگ لائن کی جلد وکٹیں لیکر کم سے کم ہدف تک رکھنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں کوشل پریرا اور پرمود مدوشن کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ قبل ازیں میچ کا ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا، جس کی وجہ سے امپائرز نے دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 45، 45 اوورز تک محدود کردیا ہے۔