کرکٹرز کو زخمی ہونے سے بچانے کیلئے آسٹریلیا نے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں کردیں

سڈنی: (ویب ڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا نے آسٹریلوی بیٹرز کے لیے گردن کے پروٹیکٹر کا استعمال لازمی قرار دینے کافیصلہ کر لیا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں کردیں جس کے مطابق انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں تمام بیٹرز کو ہیلمٹ کے ساتھ گردن پر گیند لگنے سے بچانے والا پروٹیکٹر لازمی پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق نئے قانون کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا، نئے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، کرکٹ آسٹریلیا کے اس فیصلے سے متعدد کھلاڑی متاثر ہوں گے۔

آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ ، ڈیوڈ وارنر اور سٹیو سمتھ اس سے پہلے ہیلمٹ کے ساتھ پروٹیکٹر استعمال کرنے سے انکار کر چکے ہیں۔

موجودہ وائٹ بال کے آسٹریلوی سکواڈ میں ٹم ڈیوڈ، جوش انگلس بھی حفاظتی پروٹیکٹر کا استعمال نہیں کرتے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے فل ہیوز کے انتقال کے بعد ہیلمٹ کے ساتھ پروٹیکٹر کے استعمال کی تجویز دی تھی، فل ہیوز کی ڈومیسٹک میچ کے دوران گردن پر گیند لگنے سے موت واقع ہوئی تھی۔

کرکٹ آسٹریلیا نے حفاظتی پروٹیکٹر سمیت نئے سیزن کے پلیئنگ کنڈیشنز کے لیے 12 تبدیلیاں کی ہیں۔