عمران خان نے جیل حکام کے کنڈکٹ کو تسلی بخش قرار دیا، خصوصی عدالت کا ایف آئی اے کو 26 ستمبر کو چالان جمع کرانے کا حکم
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں ایف آئی اے کو 26 ستمبر کو چالان جمع کرانے کا حکم دے دیا ۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے جیل سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ تحریریر حکنامہ دو صفحات پر مشتمل ہے جو جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے جاری کیا۔ تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ دوران سماعت عدالت کی جانب سے جیل حکام کے کنڈکٹ کے حوالے سے پوچھنے پر عمران خان نے جیل حکام کے کنڈکٹ کو تسلی بخش قرار دیا اور کہا جیل میں خود کو محفوظ محسوس کرتا ہوں۔
عمران خان نے جیل سہولیات کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں کی۔ عمران خان نےعدالت سے استدعا کی کہ جیل میں تنہائی میں بشری بی بی سے ملاقات کا وقت بڑھایا جائے۔ عدالت نے جیل سپریڈنٹ کو ہدایت کی وہ جیل مینوئل کے مطابق عمران خان کو مزید سہولیات دے سکتے ہیں تو دیں۔
ایف آئی اے نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کیخلاف چالان جمع کروانے کے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے عدالت نے ایف آئی اے کو 26 ستمبر تک چالان جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
خیال رہے کہ آج چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف اٹک جیل میں سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت ہوئی،آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 26 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ جج ابو الحسنات ذوالقرنین عمران خان کیخلاف کیس کی سماعت کے بعد اسلام آباد روانہ ہو گئے جہاں انہوں نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کیخلاف بھی سائفر کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کر دی۔