ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا بے نظیربھٹو ہسپتال کا دورہ

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے بے نظیر بھٹو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔انہوں نے مریضوں سے ان کے علاج اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ مریضوں کے علاج ومعالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، مریضوں کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آئیں اور ان کی رہنمائی کریں۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کے بیٹھنے کے لیے مزید بینچز لگائے جائیں اور انٹری ڈیٹا کائونٹر کی تعداد میں اضافہ کیاجائے تاکہ لوگوں کو زیادہ انتظار نہ کرنا پڑے، ہسپتال کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مریضوں کو ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔