راولپنڈی (نیوز ڈیسک) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے اڈیالہ روڈ راولپنڈی پر موضع بدیال اور ڈھلہ خصالہ میں واقع روڈن انکلیو نامی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 1260/2023 تھانہ صدر بیرونی راولپنڈی میں درج کرا دی گئی ہے۔
آر ڈی اے ترجمان نے کہا کہ سپانسرز کو بھی فوری طور پر متنبہ کیا جاتا ہے، غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کی مارکیٹنگ کو فوری طور پر روک دیں، جعلسازی کرتے ہوئے سرکاری دفاتر کا نام استعمال نہ کریں اورعوام الناس کو دھوکہ دہی اور گمراہ کرنے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس غیر قانونی ہائوسنگ کےمالکان نے مارکیٹنگ شروع کر رکھی ہے اور گھنائونے کاروبار کو تقویت دینے کے لیے کمشنر راولپنڈی کے ساتھ ملاقات پر تصاویر لے کر اپنی تشہیری مہم کا حصہ لے کر شوشل میڈیا پرتشہیر کی جا رہی ہے اور عوام الناس کو دھوکہ دیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر عوام کو اپنے مفاد میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر مجاز ہاؤسنگ سکیموں میں کسی قسم کی سرمایہ کاری سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے آر ڈی اے سے چیک کریں۔ اسے آرڈی اے ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر بھی چیک کیا جا سکتا ہے۔