پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر دم تیار ہے

65 کی جنگ میں قومی اتحاد و یکجہتی کا عظیم جذبہ دیکھنے میں آیا،باہمی تعاون سے پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا،آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا یومِ دفاع پر پیغام

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر دم تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یومِ دفاع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم دفاع و شہداء ہماری قومی و عسکری تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے،یہ دن ہمیں مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
65 کی جنگ میں مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کو جرات و مہارت سے ناکام بنایا۔ آرمی چیف نے کہا کہ 65 کی جنگ میں قومی اتحاد و یکجہتی کا عظیم جذبہ دیکھنا میں آیا۔ایمان،تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ ہمارا طرہ امتیاز ہے،پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر دم تیار ہے۔ جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ شہداء کا تقدس اور احترام ہماری اہم ذمہ داری ہے۔
حال ہی میں بعض عناصر نے عوام اور فوج کے مقدم رشتے پر وار کرنے کی کوشش کی لیکن افواجِ پاکستان نے بحیثیت ایک قومی ادارہ تحمل اور سمجھ داری سے اسے ناکام بنایا۔ آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج عوام کی خواہشات اور امنگوں کا محور ہے۔ مضبوط معیشت مضبوط دفاع کیلئے ناگزیر ہے،باہمی تعاون سے پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔
جبکہ صدر مملکت عارف علوی نے بھی یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 58 سال قبل آج ہی کے دن ہماری مسلح افواج اور پوری پاکستانی قوم نے جرأت و جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا تھا،جنگِ ستمبر ہماری تاریخ میں غیر متزلزل قومی عزم،پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی و قربانی کی علامت کے طور پر یادگار حیثیت رکھتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مادرِ وطن کے بہادر بیٹوں نے دشمن کے خلاف بے خوفی سے لڑتے ہوئے تاریخ کا روشن باب رقم کیا،آج ہم ان شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دفاعِ وطن کا فریضہ ادا کرتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔