آئی ایم ناٹ دلاور،آئی ایم دلیر،جج ابو الحسنات ذوالقرنین کے ریمارکس

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس میں اہم ریمارکس دئیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے سماعت کی۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے درخواست ضمانت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
ایف آئی اے پراسکیوٹر نے بتایا کہ عمران خان نے اس عدالت سے متعلق درخواست دائر کی،انہوں نے دائرہ اختیار کو بھی چیلنج کر رکھا ہے۔ جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے اہم ریمارکس دئیے کہ جیل سماعت میں عمران خان کو کہا میرٹ پر جاؤں گا،آئی ایم ناٹ دلاور،آئی ایم دلیر۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کر دی،آج کسی نئے مقدمے کی ڈائری بھی بند کر دی گئی۔

عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی درخواست پر میرٹ پر دلائل نہ ہو سکے۔ یاد رہے کہ سائفرکیس میں عمران خان جوڈیشل ریمانڈ پر 13 ستمبر تک اٹک جیل میں ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف اٹک جیل میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی تھی،آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ عمران خان کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا اور حاضری لگائی گئی،چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم بھی اٹک جیل میں موجود تھی۔ عدالت نے حاضری لگانے کے بعد عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی۔ جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کر دی تھی تاہم عمران خان کی سائفر کیس میں گرفتاری ڈال دی گئی تھی۔