تہران: (سپورٹس ویب ڈیسک) ایران میں ہونے والی پیس اینڈ فرینڈ شپ گیمز میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے جوڈو میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے مطابق اس سے قبل ان مقابلوں میں ووشو کا بھی گولڈ میڈل جیتا تھا، پیس اینڈ فرینڈ شپ گیمز میں جوڈو کے مقابلوں کے فائنل میں چار رکنی پاکستانی ٹیم نے ایران ’’اے‘‘ ٹیم کو تین کے مقابلے دو سے شکست دی۔
اس سے قبل گروپ میچز میں پاکستان نے افغانستان اور ایران بی کو زیر کیا تھا، پاکستان کی جانب سے شیر خان کاکڑ نے 60، قدرت اللہ نے 73، جنید خان نے 81 اور حسیب مصطفیٰ نے 90 کے جی کی باؤٹس میں حصہ لیا، جوڈو کے مقابلوں میں 6 ٹیمیں شریک تھیں۔
پاکستان نے پیس اینڈ فرینڈ شپ گیمز میں کیورس کا سلور میڈل بھی جیتا جبکہ گزشتہ روز پاکستان نے ووشو کا انفرادی گولڈ میڈل بھی اپنے نام کیا تھا، یہ میڈل 60 کے جی کیٹیگری میں سید محمد نے حاصل کیا تھا۔