9 مئی واقعات،عمران خان کیخلاف درج مقدمات میں مزید دفعات کا اضافہ

دفعات میں مجرمانہ سازش،فسادات کرانے اور ریاست کیخلاف جنگ پر اکسانے کے الزامات شامل ہیں

لاہور (نیوز ڈیسک) 9 مئی واقعات،عمران خان پر بغاوت سمیت دیگر الزامات کا اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مشکلات کم نہ ہو سکیں،9 مئی واقعات پر عمران خان کیخلاف درج مقدمات میں مزید دفعات کا اضافہ کردیا گیا۔ دفعات میں بغاوت پر اکسانے،فسادات کرانے اور ریاست کیخلاف جنگ پر اکسانے کے الزامات شامل ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی پر مجرمانہ سازش کرنے اور عوام کو مخصوص حلقوں کیخلاف اکسانے کا الزام بھی شامل کیا گیا۔ جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی واقعات کے سلسلے میں پولیس کوعمران خان سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی ہے۔ دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو لاہور میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں حماد اظہر سمیت 4 ملزمان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، حماد اظہر کے علاوہ دیگر ملزمان میں غلام عباس،علی عباس اور سرمد ملک شامل ہیں۔
عدالت نے تھانہ گلبرگ پولیس کی درخواست پر کارروائی شروع کی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی، پولیس نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے متعدد کوششیں کیں لیکن ملزمان گرفتاری کے خوف سے روپوش ہیں، اس لیے عدالت ملزمان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دے۔
قبل ازیں 9 مئی واقعات میں پاکستان تحریک انصاف کے متعدد سینئر رہنماؤں کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا جن میں میاں اسلم اقبال، مراد سعید ، فرح حبیب اور علی امین گنڈا پور سمیت 22 افراد شامل تھے۔ اس کے علاوہ حسان نیازی، عندلیب عباس،اسد زمان چیمہ، واثق قیوم عباسی، احمد خان نیازی اور اعظم سواتی بھی اشتہاری قرار دئیے جانے والے رہنماؤں میں شامل تھے۔