غیر ملکی سیاح جوڑے کے ساتھ پولیس کی بد سلوکی، وزارت سیاحت نے نوٹس لے لیا

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) غیر ملکی سیاح جوڑے کے ساتھ پولیس کی مبینہ بد سلوکی کے معاملے پر وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ نے نوٹس لے لیا۔

جرمن سیاح جوڑا کھیوڑہ میں نمک کے کان دیکھنےآیا تھا جب ان کے ساتھ مبینہ طور پر پولیس کی جانب سے بدسلوکی کی گئی۔

وزیر مملکت نے متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو غیر ملکی سیاحوں سے بد سلوکی کی اجازت نہیں دیں گے، واقعہ میں جو بھی ذمہ دار پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، پاکستان کو سیاحوں کی جنت بنانے کیلئے جتنا وقت ہے دن رات کام کر رہے ہیں۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 4 دن پرانا ہے، جوڑا مقامی چھوٹے سے ہوٹل میں قیام کرنا چاہ رہا تھا، یہ علاقہ غیر ملکی سیاحوں کیلئے محفوظ نہیں اس لیے انہیں کلر کہار یا اسلام اباد میں قیام کیلئے کہا گیا۔