دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو ہتھیار ڈالنے تک نہیں چھوڑیں گے، آرمی چیف

راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو ہتھیار ڈالنے تک نہیں چھوڑیں گے۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقہ اسمان منزا کا دورہ کیا، کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا علاقہ میں پہنچنے پر استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی، آرمی چیف کو سکیورٹی کی صورتحال اور انسداد دہشت گردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

آرمی چیف نے کہا شہدا ہمارا فخر ہیں، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا دہشت گردوں، سہولت کاروں اور پاکستان کے خلاف کام کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، پاکستان میں امن و استحکام کے لئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز اسمان منزا کے علاقہ میں 6 جوان شہید ہوئے تھے۔