لاہور: (نیوز ڈیسک) ورلڈ سکول چیس چیمپئن شپ میں پاکستان کا نام روشن کرنیوالی 10 سالہ آیت عاصمی کو سرٹیفیکیٹ آف ریکوگنیشن سے نواز دیا گیا۔
قازقستان کے شہر اکتاو میں منعقدہ ورلڈ سکول چیس چیمپئن شپ میں انڈر 12 کیٹیگری میں پاکستان کی 10 سالہ آیت عاصمی نے کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔
پاکستان کی دو ٹیموں کے 8 کھلاڑیوں نے انڈر 12 اور 18 سال کی کٹیگری میں پاکستان کی نمایندگی کی، ٹیم کے کوچ نیشنل چیمپئن، فیڈے ماسٹر عامر کریم تھے۔
14اگست 2023 کو پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر پنجاب کے گورنر محمد بلیغ الرحمان نے گورنر ہاؤس، لاہور میں قوم کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک تقریب میں آیت عاصمی کو سرٹیفیکیٹ آف ریکوگنیشن پیش کیا۔
اس سے قبل 13 اگست کو وزیر کھیل پنجاب نے رائزنگ سٹارز ایونٹ میں شرکت کی تھی جہاں آیت عاصمی اور ویسٹ ایشین یوتھ چیمپئن شپ مالدیپ کے کانسی کا تمغہ جیتنے والے اعصام بشیر کی پاکستان کے لیے تمغے جیتنے پر حوصلہ افزائی کی گئی تھی۔
اعصام اور آیت کو یقین ہے کہ اس چیمپئن شپ میں ان کی شاندار کامیابی کی بدولت پاکستان شطرنج فیڈریشن سکولوں کی سطح پر شطرنج کے فروغ میں مزید اہم کردار ادا کریگی جو کہ فیڈریشن کی کم عمری سے ہی بین الاقوامی تجربے کے ساتھ ماسٹرز تیار کرنے کی طویل المدتی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
پاکستان شطرنج فیڈریشن کے لیے یہ بات بہت قابل فخر ہے کہ پاکستان میں پیشہ ورانہ شطرنج کے کئی دہائیوں کے جمود کے بعد مثبت تبدیلیاں ریکارڈ بک میں درج ہونا شروع ہو چکی ہیں۔
پاکستان شطرنج فیڈریشن کو پختہ یقین ہے کہ یہ پاکستانی شطرنج کی تبدیلی کی داستان کا محض آغاز ہے، ایک حوصلہ افزا ٹیم کے ساتھ، فیڈریشن زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں، خاص طور پر جونیئر سطح پر، کے معیار کو بلند کرنے اور ان کے تجربے کو بڑھانے کے لیے ممکنہ حد تک بین الاقوامی مقابلوں میں آگے لانے کے لیے پرعزم ہے۔
پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ گزشتہ سال جب اس فیڈرشن کی انتظامیہ نے ذمہ داریاں سنبھالیں پاکستان کا جھنڈا 12 مرتبہ دنیا کے مختلف حصوں میں ہونے والی بین الاقوامی شطرنج چیمپئن شپس میں بلند ہو چکا ہے، ہمیں امید ہے کہ شدید محنت، عزم اور حوصلے سے پاکستان آئی ایم (انٹرنیشنل ماسٹرز) اور جی ایم (گرینڈ ماسٹرز) بھی تیار کرے گا۔