اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کو 21 اگست کو پرویز الہٰی کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا۔ سپریم کورٹ میں جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی جس میں عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کو 21 اگست کو پرویز الہٰی کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ہائیکورٹ 21 اگست کو فیصلہ نہیں کرتی تو گرفتاری کا عبوری حکم نامہ معطل تصور ہوگا۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے عبوری حکم نامے میں پرویز الہٰی کی ضمانت مسترد کی تھی۔
پرویز الہٰی جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
گزشتہ روز لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الہٰی کو 6 دن کے جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے کر دیا تھا۔