مسافروں میں گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپی اور تحائف تقسیم کیے گئے،جہاز کو آمد پر واٹر کینن سلوٹ بھی پیش کیا گیا، کپتان نے کاک پٹ کا شیشہ کھول کر جشن آزادی کی مناسب سے قومی جھنڈا بھی لہرایا
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسکردو بین الاقوامی ائیرپورٹ بن گیا۔پی آئی اے کی پہلی بین الاقوامی پرواز پی کے 234 دبئی سے اسکردو لینڈ کر گئی۔پرواز کے اترنے کے بعد اسکردو کو بین الاقوامی ائیرپورٹ کا درجہ مل گیا۔پی آئی اے نے سکردو کو پوری دنیا سے متعارف کرا دیا۔مسافروں کا استقبال پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر وائس مارشل عامر حیات، سول ایوی ایشن کے اعلیٰ حکام اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور سرکاری حکام نے کیا۔
گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپی اور تحائف بھی مسافروں میں تقسیم کیے گئے۔پرائیویٹ حکام کی جانب سے جہاز کو آمد پر واٹر کینن سلوٹ بھی پیش کیا گیا۔جہاز کے کپتان نے کاک پٹ کا شیشہ کھول کر جشن آزادی کی مناسب سے قومی جھنڈا بھی لہرایا۔
پی کے 234 کی لینڈنگ کے بعد اسکردو کو بین الاقوامی ایئرپورٹ کا درجہ مل گیا#ARYNews #IndependeceDay2023 pic.twitter.com/DX4aQwH1bA
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) August 14, 2023
دوسری پرواز 19 اگست کو دبئی سے اسکردو پہنچے گی اور تیسری پرواز 22اگست کو سکردو سے دبئی روانہ ہو گی، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سکردو ایئرپورٹ پر بین الاقوامی پروازوں کے آغاز کے پیش نظر طیاروں کے ایندھن کی ری فیولنگ کی سہولت کا آغاز کردیا تھا جس کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان سٹیٹ آئل کمپنی کے درمیان معاہدہ کے تحت سہولت کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے۔
قبل ازیں پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سکردو ائیرپورٹ پر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور پرواز پر بکنگ کا آغاز کردیا گیا ہے، تاریخی پرواز پر سفر کرنے کیلئے ہوابازی کے شوقین افراد خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، پہلی پرواز پر مسافروں کو دنیا کی بلند ترین چوٹیوں اور دلکش جھیلوں کے نظارے بھی کروائے جائیں گے، پرواز دبئی سے سکردو اور وہاں سے اسلام آباد آئے گی جس میں براہ راست سکردو کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے مسافر بھی سفر کرسکیں گے۔
یہاں واضح رہے کہ اگست کے ماہ میں پاکستان کے بین الاقوامی ائیرپورٹ کی تعداد میں 2 مزید ائیرپورٹ کا اضافہ ہونے کا امکان ہے، 14 اگست سے اسکردو ائیرپورٹ کو بین الاقوامی ائیرپورٹ کا اسٹیٹس حاصل ہو گیا جب کہ رواں ماہ کے دوران ہی گوادر میں زیر تعمیر پاکستان کو دوسرا بڑا اور جدید ترین بین الاقوامی ائیرپورٹ بھی آپریشنل ہو جانے کا امکان ہے۔