اسلام آباد: (سپورٹس ویب ڈیسک) تاریخ میں پہلی بار پاکستان کا نام بھارتی ٹیم کی جرسی پر سجے گا، ایشیا کپ کیلیے تیار شدہ بھارتی جرسی پر پاکستان کا نام بھی درج ہے۔ ایونٹ کا آغاز 30 اگست کو گرین شرٹس اور نیپال کے درمیان میچ سے ہو گا، یہ ایونٹ مکمل طور پر پاکستان میں ہونا تھا تاہم بھارت نے اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا جس کی وجہ سے 4 میچز پاکستانی گراؤنڈز اور باقی تمام مقابلے سری لنکا میں ہوں گے۔
بھارت نے کبھی اپنی ٹیم کی جرسی پر پاکستان کا نام نہیں لکھا تاہم اس بار ایشیا کپ کا اصل میزبان چونکہ پاکستان ہے اس لیے بی سی سی آئی کو نہ چاہتے ہوئے بھی اپنی ٹیم کی جرسیوں پر ایشیا کپ کے لوگو کے ساتھ پاکستان لکھوانا پڑا، جب بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے دوران میدان میں اترے گی تو اس کے کھلاڑیوں کی شرٹس پر پاکستان کا نام جگمگا رہا ہو گا۔
ایشیائی میگا ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 2 ستمبر کو کینڈی میں ہوگا جس کے ہاؤس فل رہنے کی توقع ہے، اگر دونوں سپر 4 اور فائنل میں جگہ بنائیں تو ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر روایتی حریف 3 مرتبہ مد مقابل آ سکتے ہیں، شائقین بھی دونوں ٹیموں کے ایک دوسرے کے خلاف مدمقابل آنے کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔