اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بخارا میں ہسپتالوں کا دورہ کیا اور ہسپتالوں میں استقبالیہ ڈیسک، ریفرل سسٹم اور مختلف شعبوں کا مشاہدہ کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وفد کے ہمراہ بخارا کے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا، چائلڈ ایمرجنسی، شعبہ ڈائیگناسٹک، میڈیکل وارڈ اور آئی سی یو کا بھی دورہ کیا اور طبی آلات اور جدید بیڈز دیکھے، محسن نقوی نے میڈیکل وارڈز، ڈینٹل کلینک اور شعبہ امراض قلب میں علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں معلومات لیں۔
محسن نقوی نے جدید ترین طبی آلات سے مزین ڈیپارٹمنٹ اور کارڈیک و آئی سی یو میں طریقہ علاج کا مشاہدہ کیا، وزیراعلیٰ نے ڈاکٹرز کیلئے لائبریری کے جدید نظام، ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ٹریننگ کیلئے سیمینار روم کا معائنہ کیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈاکٹروں اور طبی عملے سے گفتگو کی اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ازبک ڈاکٹروں اور عملے کے جذبے کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ازبکستان کے ہسپتالوں میں مریضوں کے لئے ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں دیکھ کر متاثرہوا ہوں، ہم پنجاب میں بھی مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں دینے کیلئے کوشاں ہیں، انشاء اللہ پنجاب کے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنائیں گے۔