قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت کا معاملہ، حکومت نے فیصلہ سنادیا

اسلام آباد: (سپورٹس ڈیسک) قومی ٹیم کا کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کا معاملہ، حکومت کی ہائی پروفائل کمیٹی نے فیصلہ سنا دیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی زیر صدارت وزیر اعظم شہباز شریف کی تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں قومی کرکٹ ٹیم کی بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزارت خارجہ کے حکام نے ٹیم بھارت بھیجے کی حمایت کر دی، تاہم آئی سی سی سے فول پروف سیکیورٹی مہیا کرنے کی یقین دہانی لی جائے گی۔

اجلاس میں وزیر مملکت حناء ربانی کھر، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا ٹیم بھارت بھیجنے کی حمایت جبکہ وفاقی وزیر احسان مزاری نے اجلاس کے دوران ٹیم بھارت بھیجنے کی مخالفت کی۔

ذرائع کے مطابق قمر زمان کائرہ نے بھی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا مشورہ دیا جبکہ وزارت خارجہ حکام نے ٹیم بھارت بھیجنے کی بھرپور حمایت کی۔

وزارت خارجہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آئی سی سی سے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کرنی چاہئے، چئیرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف آئی سی سی کو حکومتی فیصلے سے آگاہ کریں گے۔