چنئی : (سپورٹس ویب ڈیسک ) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز آج بروز جمعرات سے بھارت کے شہر چنئی میں ہوگا۔ 3 اگست سے شروع ہونے والا میگا ایونٹ 12 اگست تک جاری رہے گا جبکہ ایونٹ میں پاکستان سمیت 6 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
یاد رہے کہ ایونٹ میں پاکستان اپنے سفر کا آغاز آج افتتاحی میچ میں ملائیشیا کے خلاف کرے گا جبکہ روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 9 اگست کو شیڈول ہے۔
واضح رہے کہ ایونٹ میں شرکت کے لیے قومی ہاکی ٹیم بھارت پہنچ چکی ہے، قومی ٹیم عمر بھٹہ کی قیادت میں براستہ واہگہ بارڈر بھارت پہنچی جہاں کھلاڑیوں اور آفیشلز کا ڈھول کی تھاپ پر پر تپاک استقبال کیا گیا۔
ایونٹ کے شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ 3 اگست ( آج ) کو شام 6:45 بجے ملائشیا کے ساتھ کھیلے گا جبکہ دوسرے میچ میں 4 اگست کو کورین ٹیم سے آمنا سامنا ہوگا۔
قومی ٹیم تیسرے میچ میں 6 اگست کو جاپان کے مدمقابل ہوگی جبکہ چوتھا میچ 7 اگست کو چین کے خلاف کھیلے گی۔ شیڈول کے مطابق قومی ٹیم اپنا پانچواں میچ 9 اگست کو رات 9 بجے روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔