بغاوت پر اکسانے کا کیس،مسلسل عدم حاضری پر شہباز گل اشتہاری قرار

4 ہفتوں کا بتا کر ملک سے باہر گئے تھے،شہباز گل نے چالاکیوں سے کام لینا شروع کر دیا ہے،سیشن عدالت کے ریمارکس

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) شہباز گل کو اشتہاری قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی،ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپر نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے مسلسل عدم حاضری پر شہباز گل کو اشتہاری قرار دے دیا،جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دئیے کہ شہباز گل کیخلاف اشتہاری کی کارروائی تب منسوخ ہو جب وہ ذاتی حیثیت میں پیش ہوں،شہباز گل 4 ہفتوں کا بتا کر ملک سے گئے تھے۔
انہوں نے چالاکیوں سے کام لینا شروع کر دیا ہے،انہیں ملک سے بھگا دیا گیا ہے۔ سابق معاون خصوصی کے وکیل نے بتایا کہ میرا مؤکل بیماری کی وجہ سے بیرون ملک گیا،بھاگا نہیں۔ دورانِ سماعت ایف آئی اے اور نادرا نے شہباز گل کی جائیدادوں سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی،عدالت نے سابق معاون خصوصی کی 2 درخواستیں مسترد کر دیں،شہباز گل کی کیس کی کارروائی روکنے اور بذریعہ ویڈیو لنک حاضری کی درخواست مسترد کی گئی۔
سیشن عدالت نے شہباز گل کو 31 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سیشن عدالت نے شہباز گل کا شناختی کارڈ بلاک کرنے اور انہیں فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں بغاوت پر اکسانے سے متعلق رہنما پی ٹی آئی شہباز گل کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے شہباز گل کیخلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے ایف آئی اے کو شہباز گل کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیتے قرار دیا کہ شہباز گل پاکستان میں جس ائیر پورٹ پر نظر آئیں،انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے چیئرمین نادرا کو رہنما پی ٹی آئی کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔