لاہور : (نیوز ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں نکاسی آب کے مسائل کے پائیدار حل کیلئے قابل عمل پلان طلب کر لیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، نگران وزیراعلیٰ نے فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ نے لاہور کی سڑکوں پر بارش کے پانی کے فوری نکاس کیلئے ضروری اقدامات پر بھی زور دیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہر بھر میں سڑکوں کے کنارے گرین بیلٹس کا لیول سڑک کے متوازی رکھنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بڑی شاہراہوں پر پانی کی نکاسی کا موثر نظام کا نہ ہونا قابل توجہ ہے، مال روڈ، ملتان روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ اور دیگر بڑی سڑکوں پر پانی کی فوری نکاسی میں کوتاہی نہ کی جائے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت بڑے شہروں کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے۔
اجلاس میں لاہور کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ، صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز خزانہ، تعمیرات و مواصلات، ہاؤسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن، ایل ڈی اے اور سی بی ڈی کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔