بجلی ایک بار پھر1 روپے 81 پیسے فی یونٹ مہنگی ہو گئی،صارفین کو اگست کے بلوں میں ادائیگیاں کرنا ہوں گی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بجلی کی قیمتیں بجلی جیسی برق رفتاری سے بڑھنے لگیں۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے عوام پر پھر بجلی گرا دی ہے،بجلی کی قیمت میں 1 روپے 81 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا گیا،بجلی مہنگی ہونے سے صارفین پر 24 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ نیپرا حکام کے مطابق بجلی صارفین کو اگست کے بلوں میں ادائیگیاں کرنا ہوں گی،جبکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔
نیپرا حکام نے بتایا کہ جون میں پانی اور کوئلے سے کم سستی بجلی پیدا کی گئی،جون میں چائنہ پاور اور ساہیوال کول پاور پلانٹ کم چلائے گئے۔ درآمدی ایل این جی اور مہنگے فرنس آئل سے زیادہ بجلی پیدا کی گئی۔ نیپرا کے مطابق جون میں درآمدی ایل این جی سے 10 فیصد زیادہ بجلی پیدا کی گئی،جون میں میرٹ کی خلاف ورزی سے 95 کروڑ 70 لاکھ کا اضافی بوجھ پڑا۔
قبل ازیں نیپرا نے حکومتی درخواست پر گھریلو صارفین کیلئے بجلی مزید مہنگی کر دی تھی،گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت 42 روپے 72 پیسے تک پہنچ گئی،200 یونٹ تک کے پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا،حکومت کے نو ٹیفکیشن کے بعد فیصلہ لاگو ہو جائے گا۔ ماہانہ 200 یونٹ تک پروٹیکڈ صارفین کیلئے بھی قیمت میں اضافہ نہیں ہو گا۔
100 یونٹ والے گھریلو صارفین کے لئے بجلی 3 روپے جب کہ 101 سے 200 یونٹ والے صارفین کے لئے 4 روپے بجلی مہنگی ہو گی۔ اس کے علاوہ 201 سے 300 یونٹ والے صارفین کے لئے بجلی 5 روپے جب کہ 301 سے 400 یونٹ والے صارفین کے لئے بجلی 6 روپے 50 پیسے مہنگی ہو گی۔ نیپرا کے فیصے میں کہا گیا کہ 401 سے 500 یونٹ ماہانہ استعمال پر بجلی کی نئی قیمت 35 روپے 24 پیسے فی یونٹ ہو گی۔