کراچی: (نیوزویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کا سلسلہ آج رات تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل، نارتھ کراچی اور سرجانی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔
خراب موسم کے سبب اندرون و بیرون ملک کئی پروازیں تاخیر کا شکار رہیں جبکہ ٹورنٹو، مدینہ، مسقط اور ریاض کی پروازیں منسوخ کی گئیں۔
میئر کراچی نے بھی رات گئے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور کہا کہ بارش کے پانی کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کرنے والے پانی کلیئر ہونے کی بھی تصاویر دیکھ لیں۔
دوسری جانب حیدرآباد میں بھی بارشوں سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، لطیف آباد، قاسم آباد اور ٹنڈوجام میں اہم شاہراہیں نہر کا منظر پیش کرنے لگیں۔
لاڑکانہ میں موسلادھار بارشوں کے باعث دادو کینال میں 10 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج مطلع ابرآلود رہے گا، شہر میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، دن کے اوقات میں کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔