جو سوچتے ہیں بابر اور پاکستان کی کامیابیوں کے بغیر ورلڈکپ پرومو مکمل ہے تو وہ اپنا مذاق خود بنا رہے ہیں، ہمت کریں خود کو تھوڑا بڑا کریں۔ راولپنڈی ایکسپریس کا ٹویٹ
راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر حال ہی میں آئی سی سی کی جانب سے جاری ورلڈکپ پرومو میں بغض پاکستان کے باعث کپتان بابر اعظم اور قومی ٹیم کی کامیابیوں کو نظر انداز کیے جانے پر بر س پڑے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ پرومو کی 2 منٹ 12 سیکنڈ کی ویڈیو جاری کی گئی جس میں آئی سی سی نمبر ون بیٹر بابر اعظم کو ہی نہیں دکھایا گیا، اس پرومو پر شائقین کرکٹ نے خاصی تنقید کی، سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی اس پرومو پر برہمی کا اظہار کیا، ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ جو سوچتے ہیں بابر اور پاکستان کی کامیابیوں کے بغیر ورلڈکپ پرومو مکمل ہے تو وہ اپنا مذاق خود بنا رہے ہیں، ہمت کریں خود کو تھوڑا بڑا کریں۔
Whoever thought that World Cup promo will be complete without Pakistan & Babar Azam's significant presence, has actually presented himself as a joke.
Come on guys, time to grow up a bit.— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) July 22, 2023
بتاتے چلیں کہ پروموشنل ویڈیو میں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں اس وقت نمبر 2 پوزیشن پر موجود پاکستان ٹیم کی زیادہ تر مایوسی کی ہی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں جن میں شاداب خان کو چھکا لگنا، محمد عامر کا بولڈ ہونا، وہاب ریاض کا شاٹ لگنے کے بعد مایوس ہونا اور 1992ء میں انضمام الحق کا رن آؤٹ شامل ہے جب کہ ایک سین میں پاکستانی فین کو مایوس بیٹھا دکھایا گیا ہے اور ساتھ بھارتی فین اسے دلاسہ دیتے دکھایا گیا۔
ویڈیو میں پاکستان کا صرف ایک اچھا لمحہ فلمبند کیا گیا جس میں شاہین وکٹ لے کر خوشی کا اظہار کرتے ہیں، تاہم حیران کن طور پر تقریباً 2 سال سے آئی سی سی کے نمبر 1 ون ڈے بیٹر کی پوزیشن پر براجمان 2021ء اور 2022ء کے آئی سی سی ون ڈے بیٹر آف دی ایئر بابر اعظم کو اس ویڈیو میں شامل ہی نہیں کیا گیا۔