اسلام آباد، لاہور، کراچی ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ، تیاری شروع

اسلام آباد: (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کر لیا، پہلے اسلام آباد ائیرپورٹ کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد ائیرپورٹ آؤٹ سورس کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی، موجودہ حکومت کے خاتمے سے قبل ٹینڈر جاری کر دیا جائے گا، ٹینڈر بین الاقوامی اخبارات میں جاری کیا جائے گا، آؤٹ سورسنگ کے لئے کمیٹی نے عملی اقدامات شروع کر دئیے۔

دوسرے مرحلہ میں لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کیا جائے گا، سکردو ائیرپورٹ کو بھی آؤٹ سورس کرنے پر غور کیا جائے گا ۔

ذرائع کے مطابق کامیاب بولی دہندہ کمپنی ائیرپورٹ کے اندر سہولیات میں اضافہ کی ذمہ دار ہوگی، کمپنی عالمی برانڈز اور ڈیوٹی فری دکانیں کھولنے کا اہتمام کرے گی، کامیاب بولی دہندہ کمپنی ائیرپورٹ کی عمارت کی تزئین و آرائش، مرمت و صفائی سمیت تمام امور کی ذمہ دار ہوگی۔

اسلام آباد ائیرپورٹ پر سالانہ 90 لاکھ مسافروں کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت ایک کروڑ 30 لاکھ تک بڑھائی جائے گی، ائیرپورٹ سکیورٹی اور ائیر ٹریفک کنٹرولر کے شعبے سول ایوی ایشن کے پاس ہی رہیں گے۔