وفاقی دارالحکومت میں جرائم پر قابو پانے کیلئے ڈولفن فورس قائم

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جرائم پر قابو پانے کیلئے ڈولفن فورس قائم کر دی جس میں 900 پولیس اہلکار شامل ہوں گے۔

فورس کے قیام کا مقصد سٹریٹ کرائم پر قابو پانا، مذہبی عبادت گاہوں اور جلسے جلوسوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، ڈولفن فورس کیلئے 50 گاڑیاں اور 200 موٹر سائیکل میسر ہوں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈولفن کے پہلے دستے کے آغاز پر سب نوجوان کو اور آئی جی اکبر ناصر کو مبارک پیش کرتا ہوں، اسلام آباد میں سٹریٹ کرائم کنٹرول کرنے کی جانب یہ ایک اہم قدم ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں سٹریٹ کرائم بڑھ رہا ہے، ہم مجرموں کو پکڑیں گے، امید کرتا ہوں کہ فورس شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی۔