روایتی حریف 2 ستمبر کو سری لنکن شہر کینڈی میں مدمقابل آئیں گے، ٹورنامنٹ کا آغاز 30 اگست کو ملتان میں ہو گا
لاہور(نیوز ڈیسک) ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کی حتمی تاریخ کا اعلان، روایتی حریف 2 ستمبر کو سری لنکن شہر کینڈی میں مدمقابل آئیں گے، ٹورنامنٹ کا آغاز 30 اگست کو ملتان میں ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق شائقین کرکٹ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک اور ہائی وولٹیج ٹاکرا دیکھنے کیلئے تیار ہو جائیں، صرف چند دنوں بعد ہی روایتی حریف کا ٹاکرا ہو گا۔
دونوں ٹیمیں ایشیا کپ کے سلسلے میں سری لنکا میں آمنے سامنے آئیں گی۔ ایشا کپ کے حتمی شیڈول کے اعلان کے بعد پاکستان اور بھارت کے میچ کی حتمی تاریخ بھی سامنے آ گئی۔ ایشین کرکٹ کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے بدھ کے روز ایشیا کپ 2023ء کے شیڈول کا اعلان کیا۔ 50 اوورز فارمیٹ کا یہ ٹورنامنٹ 30 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔
ایشیا کپ کے 13 میچوں کے لیے 4 وینیوز کا انتخاب عمل میں آیا ہے،میزبان پاکستان 4 میچوں کاانعقاد کرے گا۔
ملتان میں ایک جبکہ لاہور میں 3 میچ کھیلے جائیں گے، سری لنکا میں 9 میچز ہوں گے جن میں سے کینڈی میں 3 اور کولمبو میں 6 میچز کھیلے جائیں گے۔ پاکستان میں ملتان ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ کی میزبانی کرے گا جو30 اگست کو پاکستان اور نیپال کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سری لنکا میں کینڈی پہلے راؤنڈ کے تین میچوں کی میزبانی کرے گا جس کے بعد کولمبو میں سپر 4 مرحلے کے 5 میچوں کے علاوہ 17ستمبر کو ہونے والا فائنل بھی کھیلا جائے گا۔
سری لنکا اپنا پہلا میچ 31 اگست کو بنگلہ دیش کے خلاف کینڈی میں کھیلے گا جبکہ بھارت ٹورنامنٹ میں اپنا آغاز پاکستان کے خلاف میچ سے کرے گا جو 2 ستمبر کو کینڈی میں کھیلا جائے گا۔ اگر پاکستان اور بھارت دونوں نے سپر 4 مرحلے میں جگہ بنالی تو پھر یہ دونوں ایک بار پھر 10 ستمبر کو کولمبو میں مدمقابل ہوں گے۔ ملتان میں افتتاحی میچ کے بعد لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچوں میں 3 ستمبر کو بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
5 ستمبر کو افغانستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔ 6 ستمبر کو سپر فور مرحلے کا پہلا میچ بھی لاہور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان، بھارت اور نیپال گروپ اے کا حصہ ہوں گے۔ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے میزبان کی حیثیت سے اس ایونٹ کے شیڈول کا اعلان اس بات کو واضح کرتا ہے کہ ہم ٹورنامنٹ کی منصوبہ بندی اور اسے عملی شکل دینے کے لیے تیار ہیں تاکہ شریک ٹیموں اور شائقین اس سے مکمل طور پر لطف اندوز ہوسکیں۔
ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ہمارے انتظامات اور مہمان نوازی ہمیشہ مثالی رہی ہے اور ایک بار پھر یہ بین الاقوامی سطح پر سب کو دکھانے کا بہترین موقع ہوگا۔ ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان کو 15 سال کے طویل عرصے کے بعد اے سی سی ایشیا کپ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہورہا ہے۔ ہمارے شائقین کواس کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا ہے،ہم اس ایونٹ کو بڑے اور بہتر پیمانے پر منعقد کرنے کے سلسلے میں پرعزم ہیں تاکہ شائقین اور اس میں حصہ لینے والے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بارے میں بھی دن گننے شروع کردیں جس کی میزبانی پاکستان فروری 2025ء میں کرے گا۔