پاکستانی پاسپورٹ ایک مرتبہ پھر دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں سے ایک قرار

دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی تازہ ترین فہرست میں پاکستانی پاسپورٹ کا 100 واں نمبر، پاکستانی شہری صرف 33 ممالک میں ویزے کے بنا جا سکتے ہیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستانی پاسپورٹ ایک مرتبہ پھر دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں سے ایک قرار، دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی تازہ ترین فہرست میں پاکستانی پاسپورٹ کا 100 واں نمبر، پاکستانی شہری صرف 33 ممالک میں ویزے کے بنا جا سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے طاقتور ترین اور کمزور ترین پاسپورٹ کی نئی فہرست جاری کی گئی ہے، جس میں پاکستان ایک مرتبہ پھر اپنی رینکنگ بہتر بنانے میں ناکام رہا۔
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے 2023 کی تیسری سہ ماہی کے حوالے سے جاری دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی تازہ ترین فہرست میں پاکستان تاحال آخری نمبروں پر ہے۔ جولائی سے ستمبر 2023 کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں سنگاپور نے جاپان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور نمبر ون پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جاری کردہ فہرست میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ جاپان کو نمبرون پوزیشن سے محروم ہونا پڑا ہے۔

فہرست کے تحت سنگاپور کا پاسپورٹ رکھنے والے شہری 193 ممالک کا ویزہ فری سفر کر سکتے ہیں، جس کے بعد جرمنی، اٹلی اور اسپین کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں جن کے حامل افراد کو 190 ممالک میں ویزہ فری رسائی ملتی ہے۔ جاپان، جنوبی کوریا، سویڈن، لگسمبرگ، فرانس، فن لینڈ اور آسٹریا کے پاسپورٹس کے حامل افراد 189 ممالک میں ویزے کے بغیر داخل ہو سکتے ہیں اور اس طرح ان کے پاسپورٹس تیسرے نمبر پر ہیں۔
ڈنمارک، آئرلینڈ، برطانیہ اور نیدر لینڈز کے پاسپورٹس کے حامل افراد 188 ممالک میں ویزے کے بنا داخل ہو سکتے ہیں اور اس طرح ان ممالک کے پاسپورٹس کا چوتھا نمبر ہے۔ بیلجیئم، پرتگال، ناروے، سوئٹزر لینڈ، چیک ریپبلک، مالٹا اور نیوزی لینڈ کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر پانچویں نمبر پر ہیں، ان ممالک کے شہریوں کو 187 ممالک میں جانے کے لیے پہلے سے ویزہ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جاری کردہ فہرست کے تحت پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا ہے جس کا نمبر 100 واں ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے شہری صرف 33 ممالک میں ویزے کے بنا جا سکتے ہیں۔ فہرست میں پاکستان کے بعد صرف 4 ممالک بدترین پاسپورٹ والے ممالک قرار ہائے ہیں۔ ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جاری کردہ فہرست کے تحت پاکستان کے بعد شام، عراق اور افغانستان کے نام ہیں۔