ٹور ڈی فرانس ریس : نیدرلینڈز کے سائیکلسٹ واؤٹ پوئلز نے15 واں مرحلہ جیت لیا

پیرس : (سپورٹس ویب ڈیسک ) نیدرلینڈز کے سائیکل سوار واؤٹ پوئلز نے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا پندرہواں مرحلہ جیت لیا، واؤٹ پوئلز کی ریس میں یہ پہلی فتح ہے۔

سپین سے ٹورڈی فرانس سائیکل ریس کا 110 واں ایڈیشن جاری ہے جس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کی 22ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کے پندرہویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے فرانس میں لیس گیٹس سے سینٹ گروائس لیس بینس تک 179کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا تھاجو پہاڑی راستے پر محیط تھا۔

35سالہ نیدرلینڈز کے سائیکل سوار واؤٹ پوئلز نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیلجیئم کے سائیکلسٹ واؤٹ وین ایرٹ کو شکست دیتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

واؤٹ پوئلز نے 15ویں مرحلے کا 179 کلومیٹر پر مشتمل مطلوبہ فاصلہ 4 گھنٹے 40منٹ اور 45 سیکنڈز میں طے کرکے اپنے نام کیا۔

بیلجیئم کے سائیکلسٹ واؤٹ وین ایرٹ نے دوسری جبکہ 24 سالہ فرانسیسی سائیکلسٹ میتھیو برگاؤڈیو نے تیسری پوزیشن حاصل کی ، چھٹے مرحلے سے ڈینش سائیکلسٹ جوناس ونجیگارڈ کا یلو جرسی پر قبضہ برقرار ہے۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہوگی جس میں سائیکل سوار 3406کلو میٹر کا سفر طے کریں گے ۔

24 روزہ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس23 جولائی کو اختتام پذیر ہوگی،جس میں ٹیم جمبو ویزما کے ڈینش سائیکل سوار جوناس ونجیگارڈ راسموسن اپنے اعزاز کا دفاع کے لئے کوشاں ہیں۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا پہلا ایڈیشن1903میں ہوا ،جو فرانسیسی سائیکل سوار مورس فرانسس گارین نے جیتا تھا۔