توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دینے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

چیف جسٹس عامر فاروق 17 جولائی کو درخواست پر سماعت کریں گے،چیئرمین پی ٹی آئی نے کیس قابل سماعت قرار دینے کا فیصلہ چیلنج کررکھا ہے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دینے کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کیلئے مقررکردی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دینے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقررکردیا ہے، چیف جسٹس عامر فاروق 17 جولائی کو چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کریں گے۔
چیف جسٹس کی طبیعت ناسازی کے باعث رواں ہفتے درخواست پر سماعت نہیں ہوسکتی تھی۔ ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کیس قابل سماعت قرار دینے کا فیصلہ چیلنج کررکھا ہے۔ یاد رہے عدالتی وارننگ کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 13 جولائی کو بھی توشہ خانہ کیس میں پیش نہیں ہوئے، تاہم ان حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی تھی۔
ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔ بیرسٹر گوہر علی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں مزید گواہان کو شامل کرنے کیلئے درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیس کو ہفتے کے روز سماعت کیلئے مقرر کر رہا ہوں۔
بیرسٹر گوہر علی نے استدعا کی کہ سماعت پیر والے روز ہو جائے تو بہتر ہوگا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن ہفتے کے روز جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلائ پیر کے روز مزید گواہان شامل کرنے سے متعلق درخواست پر دلائل دے دیں۔ الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے استدعا کی کہ ہم 14 جولائی کو دلائل دینا چاہتے ہیں۔ 15 جولائی کو کچھ مصروفیات ہیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کی استدعا منظور کرتے ہوئے تاریخ تبدیل کر دی۔