پاکستان خطے میں تناؤ نہیں، امن اور خوشحالی کا فروغ چاہتا ہے : وزیراعظم

اسلام آباد : (نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہبازشریف کا کہناہے کہ ہم خطے میں تناؤ نہیں چاہتے ، دنیا میں خوشحالی اور امن کا فروغ چاہتے ہیں۔

پاکستان اور سوئٹزرلینڈر کے درمیان قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ دوست ملک سوئٹزر لینڈ کے وزیرخارجہ کو خوش آمدید کہتے ہیں ، سوئس وزیرِ خارجہ سے مفید اور تعمیری بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سوئس وزیرِ خارجہ سے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہوئی، ماضی کی طرح وسائل کو ضائع نہیں ہونے دینگے ، جدید ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک سیاحت کو فروغ دیں گے، تعلیم، آئی ٹی اور خواتین کی تعلیم کے فروغ کیلئے پاکستان کردار ادا کرتا رہے گا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے دورہ پاکستان پر آئے سوئٹزرلینڈ کے وزیرخارجہ سمیت سوئس وفد کیساتھ بھی فرداً فرداً ملاقات کی اور انھیں خوش آمدید کہا، اس موقع پر ہونے والی ملاقاتیں انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئیں۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کے پاکستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے ویژن کے تحت پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے مابین یہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط ایک اہم قدم ہے ۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے مابین قدرتی آفات و ان کے ممکنہ نقصانات کی پیش گوئی، فوری امدادی کاروائیوں اور بحالی کے اقدامات میں تعاون کو فروغ ملے گا۔