برہان وانی کی شہادت کو 7 برس مکمل، مقبوضہ کشمیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

سری نگر: (نیوز ڈیسک) کشمیری رہنما برہان وانی کی شہادت کے 7 سال مکمل ہونے پر مقبوضہ کشمیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے برہان وانی اور تحریک آزادی کشمیر کے دیگر شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شٹر ڈاؤن ہڑتال کر کے یوم تجدید منایا۔

مقبوضہ کشمیر کے گاؤں شریف آباد ترال میں پیدا ہونیوالا 22 سالہ کشمیری نوجوان برہان وانی قابض بھارتی سامراج کی طرف سے اپنی قوم پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹتے دیکھ کر برداشت نہ کرسکا، یوں قوم کا یہ عظیم سپوت ہمہ وقت کاروان حریت میں شامل ہو گیا۔

برہان مظفر وانی شہید نے بندوق سے زیادہ انٹرنیٹ کے استعمال کو ترجیح دی جس سے بھارت کے در و دیوار لرز اٹھے، مقبوضہ کشمیر کی تاریخ میں برہان وانی کو جرت اور مزاحمت کی علامت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔

‎8 جولائی 2016 کے روز بھارتی قابض فوج نے برہان وانی کو شہید کیا، برہان کی شہادت پر مقبوضہ کشمیر کے اندر احتجاجی مظاہروں میں شدت آئی اور چھ ماہ تک مسلسل کرفیو لگا رہا، بھارتی سورماؤں نے برہان وانی کی شہادت کے بعد 1 ہزار 350 بے گناہ کشمیری شہید ، 4 ہزار سے زائد زخمی اور سینکڑوں گھر نذر آتش کر دیے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں آج معروف نوجوان آزادی پسند رہنماء برہان مظفر وانی کے ساتویں یوم شہادت کے موقع پر تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں تقریبات منعقد کی گئیں۔

بھارتی جبر سے آزادی کے متفقہ فورم کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کی کال دی جبکہ حزب المجاہدین جموں کشمیر کی جانب سے اپنے سرفروش شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے عوامی اجتماع منعقد کیے گئے۔

پاسبانِ حُریت نے برہان وانی اور تحریک آزادی جموں کشمیر کے دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور بھارتی جبرو استبداد سے ریاست کی آزادی کیلئے جدوجہد کا عزم دہرانے کیلئے 8 جولائی کے دن کو ’’ یوم مزاحمت ‘‘ کے طور پر منانے کی اپیل کی۔

پاسبان حریت برہان وانی کے پہلے یوم شہادت سے ہی اس دن کو ’’ یوم مزاحمت ‘‘ کے طور پر مناتی آ رہی ہے، اس دن کشمیری نوجوانوں کا ایک منظم دستہ برہان وانی اور دیگر شہداء کو سلامی پیش کرتا ہے اور اس سال بھی دارالحکومت میں 313 نوجوانوں نے سلامی پیش کی۔