سیشن عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے وکلاء کو طلبی کے نوٹسز جاری کر دئیے
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) توشہ خانہ کیس،ایڈیشنل سیشن جج نے عمران خان کو طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں توشہ خانہ کیس کل سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا ہے،ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو طلب کر لیا۔ عدالت نے عمران خان اور ان کے وکلاء کو طلبی کے نوٹسز جاری کر دئیے،جبکہ الیکشن کمیشن کے وکلاء کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا۔
کیس کی سماعت کل ساڑھے 8 بجے ایف ایٹ کچہری میں ہو گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی درخواست مسترد کرنے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر معاملہ واپس ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے فیصلہ سنایا۔
ٹرائل کورٹ نے توشہ خانہ کیس ناقابلِ سماعت قرار دینے کی درخواست مسترد کی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے معاملہ واپس ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیا اور ٹرائل کورٹ کو عمران خان کے وکیل کے دلائل پر دوبارہ فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے فیصلہ قرار دیا کہ ٹرائل کورٹ 7 دن میں توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی درخواست پر فیصلہ کرے،ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں عمران خان کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست منظور کر لی۔ عمران خان نے توشہ خانہ کیس ناقابل سماعت قرار دینے کی درخواست دائر کی تھی۔ سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فرد جرم عائد کی تھی۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ سنانے کے بعد کے ان کے خلاف فوجداری کارروائی کا ریفرنس عدالت کو بھیج دیا تھا۔