وزیراعلٰی گلگت بلتستان خالد خورشید کیخلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع

اپوزیشن اراکین نے اسمبلی تحلیل کرنے کے ممکنہ پلان کو ناکام بنانےکیلئے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی

گلگت بلتستان (نیوز ڈیسک) وزیراعلٰی گلگت بلتستان کیخلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرا دی گئی،گلگت بلتستان اسمبلی کو تحلیل سے بچانے کیلئے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کو ان دنوں ایک سے ایک مشکل کا سامنا ہے،وزیراعلٰی گلگت بلتستان خالد خورشید کیخلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرا دی گئی۔
وزیراعلٰی گلگت بلتستان کا اسمبلی تحلیل کرنے کے ممکنہ پلان ناکام بنانے کیلئے اپوزیشن اراکین نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی۔ وزیراعلٰی خالد خورشید کیخلاف اپوزیشن کے 9 اراکین نے تحریک جمع کرائی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی خالد خورشد کی گلگت بلتستان اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے مشاورت جاری ہے،جبکہ وزیراعلٰی کیخلاف جعلی ڈگری کیس میں نا اہلی کیلئے چیف کورٹ میں سماعت بھی جاری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی امجد زیدی کیخلاف تحریکِ عدم اعتماد اکثریت سے کامیاب ہو گئی تھی۔ اسپیکر کیخلاف تحریکِ عدم اعتماد کے حق میں 21 ووٹ کاسٹ ہوئے تھے،امجد زیدی کے حق میں صرف ایک ووٹ پڑا۔ پارٹی معاہدے کے تحت امجد زیدی نے ڈھائی سالہ مدت مکمل کر کے مستعفی ہونا تھا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر ایڈووکیٹ نے نیا اسپیکر بننا تھا۔
امجد زیدی کے مستعفی ہونے سے انکار پر تحریکِ عدم اعتماد لائی گئی جو اکثریت سے کامیاب ہو گئی۔ جبکہ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی حکومت کو اس وقت دھچکا لگا جب اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی امجد زیدی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔ تاہم اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی امجد زیدی نے استعفیٰ واپس لے لیا تھا۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ پارلیمانی کمیٹی کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے پر اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی امجد زیدی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی گئی تھی۔