علاقے میں سائرن کی آواز سنتے ہی علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے
اسلام آباد / راولپنڈی/لاہور ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مزید 3 ڈرونز حملے ہوئے ہیں جب کہ 2 ڈرون راولپنڈی میں گرا دیئے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق لاہور کے والٹن ایئرپورٹ اور برکی میں مزید 3 بھارتی ڈرونز کو پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا، ڈرونز کے گرنے کے فوری بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سائرن بجا دیا گیا، سائرن کی آواز سنتے ہی علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
اس کے علاوہ لاہور ایئرپورٹ کے قریب بھی بھارت کی جانب سے سرحد پار سے آپریٹ کیا جانے والا 5 سے 6 فٹ لمبا ڈرون گرایا گیا، یہ ڈرون حساس مقامات کی جاسوسی کے لیے استعمال ہو رہا تھا اور دھماکہ خیز مواد سے لیس تھا، ڈرون کو سسٹم جام کرکے گرایا گیا، جس کے دوران ایک زوردار دھماکہ بھی سنا گیا، واقعہ کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو سیل کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ ریس کورس راولپنڈی میں بھی ایک ڈرون گر ا اور راولپنڈی کی فوڈ سٹریٹ کے قریب دوسرا ڈرون گرنے سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس کی بھاری نفری فوڈ اسٹریٹ پہنچ گئی جہاں ڈرون درخت سے ٹکرانے کے بعد ایک دکان کے اندر جا گرا جس کے بعد آگ لگ گئی، ڈرون گرنے سے دکان کے شیشے اور دیگر سامان کو بھی نقصان پہنچا، ڈرون کا ملبہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے تحویل میں لے لیا، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو سیل کردیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل ڈہرکی میں بھی ڈرون گرنے کا واقعہ پیش آیا جہاں بارڈر کے قریب گرنے والے بھارتی ڈرون کے دھماکے سے ایک کسان جاں بحق دو افراد شدید زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والے کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوئی، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ڈرون کے ملبے کو سیکیورٹی فورسز نے قبضے میں لے لیا اور تحقیقات جاری ہیں۔
اسی طرح چکوال کے تھانہ ڈھمن کی حدود میں دیوالیاں گاؤں کے قریب بھی ایک ڈرون گرا، عینی شاہدین نے بتایا کہ گرنے سے قبل سائرن کی آوازیں سنی گئیں، خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ڈرون کے بھارتی ساختہ ہونے کے شواہد ملے ہیں، جن کی تحقیقات پولیس اور حساس ادارے کر رہے ہیں جب کہ شیخوپورہ کے گاؤں باہومان میں بھی پاک فوج نے دشمن کا ایک اور ڈرون مار گرایا، جو کھیتوں میں گرا، جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملبے کی جانچ شروع کردی۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گجرات کے علاقے پیر جنڈ میں گرنے والے بھارتی ڈرون کے دو ٹکڑے الگ الگ جگہوں پر گرے، ایک حصہ کھیتوں میں اور دوسرا شہری مہندی خان کے گھر کی چھت توڑتا ہوا اندر جاگرا، خوش قسمتی سے کمرے میں کوئی فرد موجود نہ ہونے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس نے ملبہ قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کردیں، علاوہ ازیں کراچی کے علاقے ملیر شرافی گوٹھ میں بھی ایک ڈرون گرایا گیا جہاں ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔