سائفر کیس میں استغاثہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کیخلاف کیس ثابت کرنے پر ناکام ہوا،عدالت نے بریت کا تحریر ی فیصلہ جاری کر دیا

ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ ٹرائل غیر ضروری جلد بازی میں چلایا گیا، جرح کو ایک طرف رکھ دیا جائے تو بھی استغاثہ کے شواہد کیس ثابت کرنے کیلئے ناکافی ہیں، تحریر ی فیصلہ

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سائفر کیس میں استغاثہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف کیس ثابت کرنے میں ناکام ثابت ہوا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اورسابق وزیر خارجہ کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا،اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ جرح کو ایک طرف رکھ دیا جائے تو بھی استغاثہ کے شواہد کیس ثابت کرنے کیلئے ناکافی ہیں۔
استغاثہ اپنا کیس ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ ٹرائل غیر ضروری جلد بازی میں چلایا گیا۔ ملزمان کے وکلا ءکے التوا مانگنے پر سرکاری وکیل تعینات کردیا گیا جسے تیاری کیلئے محض ایک دن دیا گیا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ سرکاری وکیل کی جرح ان کی ناتجربہ کاری اور وقت کی کمی ظاہر کرتی ہے۔

یہ کیس ٹرائل کورٹ کو ریمانڈ بیک کرنے کی نوعیت کا ہے۔ عدالت اس کیس کو میرٹ پر سن رہی ہے۔قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے 3 جون 2024 کو بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سزا کالعدم قرار دی تھی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی بریت کی درخواستوں پر اپنا فیصلہ سنایا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کردیاتھا۔ عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا تھا کہ اگر کسی اور کیس میں گرفتار نہیں تو رہا کر دیا جائے، کیس سے بریت کی وجوہات بعد میں تفصیلی فیصلے میں جاری کی جائیں گی۔چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویڑن بینچ نے اپیلوں کی سماعت مکمل کر کے فیصلہ سنا یاتھا۔
عدالت نے مختصر فیصلے میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کا 30 جنوری 2024 کا فیصلہ کالعدم قرار دیاتھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ تفصیلی فیصلے میں وجوہات کا ذکر کیا جائے گا۔قبل ازیںخصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو دس دس سال قید کی سزائیں سنائی تھیں۔بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود کے خلاف 15 اگست 2023 کو تھانہ کاو¿نٹر ٹیررازم ونگ ایف آئی اے نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کی دفعہ 5/9 اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 34 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔