طیفی بٹ اور قیصربٹ گروپ میں صلح ہو گئی

صلح کی تقریب میں اہم سماجی اور کاروباری شخصیات کی شرکت، دونوں فریقین نے آپسی اختلافات ختم کرنے کا اعلان کردیا

لاہور ( نیوز ڈیسک ) لاہور میں دو بڑے گروپ طیفی بٹ گروپ اور قیصر بٹ گروپ کے درمیان برسوں سے جاری دشمنی بالآخر ختم ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کےمطابق طیفی بٹ گروپ اور قیصر بٹ گروپ کے درمیان خواجہ تعریف بٹ کے گھر پر صلح کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں دونوں فریقین نے آپسی اختلافات ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر شہر کے معروف تاجر رہنما شفقت بگا بٹ، اسرار بٹ اور دیگر کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی اور اس معاہدے کو خوش آئند قرار دیا۔
صلح کے موقع پرمقتول جاوید بٹ کے صاحبزادے حمزہ بٹ کا کہنا تھا کہ صلح سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔ اللہ سے دعا سے یہ امن قائم رہے۔ صلح کیلئے کافی عرصے سے کوششیں کی جا رہی تھیں۔ قیصر بٹ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ صلح کیلئے ہمارے کافی عرصے سے کوششیں جا ری تھیں۔
لاہور کے تمام گروپس میں صلح ہونی چاہئے۔ لڑائی جھگڑے سے کسی نے بھی کچھ حاصل نہیں کیا۔

جاوید بٹ اور طیفی بٹ کی فیملی کا شکرگزار نے جنہوں نےاس سارے معاملے کو حاصل کیا۔ مقتول جاوید بٹ کے قتل میں نامزد تقریباً سبھی ملزمان گرفتار ہیں۔ باقی سب پولیس کا کام ہے کہ وہ اس معاملے کو دیکھے۔ باقی ہماری کوشش یہی رہے گی یہ خاندان مل جل کر رہیں۔ اب لاہور شہر اور نہ ہماری آنیوالی نسلیں یہ لڑائی جھگڑا برداشت کر سکتی ہیں۔ دوسری جانب قیصربٹ گروپ نے امیر بالاج ٹرکاں والا گروپ سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے۔