اونیجا اینڈریو رابنسن بہکی باتیں کر رہی ہیں اور ان کے ہاتھوں پیروں میں پر سوجن بھی پائی گئی
کراچی ( نیوز ڈیسک ) پاکستانی نوجوان کی محبت میں کراچی آنے والی امریکی خاتون کو جناح ہسپتال کے شعبہ نفسیات منتقل کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کی ذہنی حالت درست نہیں وہ بہکی بہکی باتیں کر رہی ہیں اور ان کے ہاتھوں پیروں میں پر سوجن بھی پائی گئی جس کے باعث اونیجا اینڈریو رابنسن کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، خاتون کو ہسپتال کے شعبہ نفسیات میں رکھا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا۔
امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کے بیٹے جیرامیا اینڈریو رابنسن نے انکشاف کیا کہ ان کی والدہ کی ذہنی حالت درست نہیں، والدہ ذہنی مریضہ ہیں اور ان کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت متاثر ہے، میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا والدہ پاکستان میں ہیں، والدہ ایک شخص اور اس کے اہلخانہ سے ملنے پاکستان آئی تھیں، انہوں نے دو ہفتے بعد واپس جانا تھا لیکن وہ واپس نہیں گئیں، ہم نے والدہ کی واپسی کا ٹکٹ بھی خریدا تھا لیکن وہ نہیں آئیں۔
اسی طرح سماجی کارکن رمضان چھیپا کا کہنا ہے کہ خاتون کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں، یہ خاتون کئی روز کراچی کی سڑکوں پر گھوم رہی تھی، مجھ سے یہ نہیں دیکھا گیا، میں پوری رات نہیں سو نہیں سکا، ہماری خواتین رضاکار بھی ان کی خدمت پر مامور ہیں، تاہم اس خاتون کا ذہنی توازن کچھ ٹھیک نہیں ہے، یہ 5 منٹ پہلے کچھ بات کرتی ہے اور 5 منٹ بعد کچھ اور کہتی ہے۔
دوسری طرف خاتون نے امریکہ واپس جانے کی آمادگی ظاہر کی اور کہا کہ نیویارک جانے کے لیے ٹکٹ دی جائے کیوں کہ میرے پاس اس وقت پیسے نہیں ہیں، اپنے شوہر کو تلاش کر رہی ہوں، اپنے شوہر کے ساتھ دبئی چلی جاوں گی، جس کے لیے مجھے پیسے دیئے جائیں، حکومت مجھے ایک لاکھ ڈالر دے، 20 ہزار ڈالر اپنے لئے اور باقی اس شہر کیلئے مانگ رہی ہوں اس شہر کو از سر نو تعمیر کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ دو بچوں کی ماں 33 سالہ اونیجا اینڈریو رابنسن سوشل میڈیا پر کراچی کے 19 سالہ ندال میمن سے محبت میں مبتلا ہونے کے بعد گزشتہ برس 11 اکتوبر 2024ء کو کراچی پہنچیں تاہم ندال میمن کے والدین نے اپنے بیٹے کی امریکی خاتون سے شادی کرانے سے انکار کر دیا، جس کے بعد سے امریکی خاتون کراچی میں دربدر رہیں، اس دوران ان کے ویزے کی مدت ختم ہوئی اور ان کے پاس واپسی کا ٹکٹ بھی نہیں تھا، جس پر کراچی کی ایک این جی او نے ان کی امریکہ واپسی کے لیے ٹکٹ اور مالی مدد بھی فراہم کی لیکن انہوں نے واپس جانے سے انکار کر دیا اور نوجوان کے گھر کے باہر ڈیرے ڈال دیئے۔