تمام ٹیمیں اس لوگو کو لگانے کی پابند ہیں، آئی سی سی کسی بھی کٹ پر لوگو نہ ہونے کا نوٹس لے سکتا ہے : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل
اسلام آباد ( سپورٹس ڈیسک ) آئی سی سی نے بھارتی میڈیا کے اعتراض کی تردید کردی ، کہا کہ ٹورنامنٹ کا لوگو شرٹ پر لگانا ہر ٹیم کی ذمہ داری ہے۔
ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے شرٹ پر پاکستان کا نام ہٹانے کی تردید کردی، آئی سی سی کا کہنا ہے کہ کسی بھی ٹورنامنٹ کا لوگو شرٹ پر لگانا ہر ٹیم کی ذمہ داری ہے، تمام ٹیمیں اس لوگو کو لگانے کی پابند ہیں، آئی سی سی کسی بھی کٹ پر لوگو نہ ہونے کا نوٹس لے سکتا ہے۔
دوسری جانب باکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لوگو ہٹانے سے متعلق بھارتی نیوز ایجنسی سے کسی آفیشل نے بات نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا لوگو آئی سی سی نے ڈیزائن کیا ہے جس پر پاکستان 2025ء تحریر ہے اس لئے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران بھارت اپنی شرٹس پر پاکستان کا نام استعمال نہیں کرے گا۔
دوسری جانب بی سی سی آئی چیمپئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل افتتاحی تقریب اور کیپٹنز میٹنگ کے لیے اپنے کپتان روہت شرما کو بھیجنے سے بھی انکار کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلی جا رہی ہے، اس کے مطابق بھارت میچز کھیلنے پاکستان نہیں آئے گا اور اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا، اگر وہ سیمی فائنل یا فائنل میں پہنچا تو یہ میچز بھی دبئی میں ہی کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ ماہ 19 فروری سے 9 مارچ تک کھیلی جانی ہے۔ پاکستان اس ایونٹ کا میزبان ملک ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔