اوقات کار کی پابندی نہ کرنے پر تنخواہوں میں کٹوتی اور تبادلہ بھی کیا جا سکتا ہے؛ اعلامیہ
پشاور ( کرائم ڈیسک ) خیبرپختونخواہ میں سرکاری ملازمین کو دفتری اوقات سے متعلق وارننگ جاری کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت نے سرکاری ملازمین کو دفتری اوقات کی پابندی کے بارے میں وارننگ جاری کی ہے، صوبے میں سرکاری دفاتر میں ملازمین کو اوقات کار کی پابندی کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، یہ اعلامیہ صوبائی محکمہ خزانہ نے جاری کیا۔
سرکاری ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام محکموں اور دفاتر کے لیے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کا وقت مقرر ہے، سرکاری افسران و اہلکاروں کی دفتری اوقات کار کی پابندی نہ کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں، آئندہ اوقات کار کی پابندی نہ کرنے پر تنخواہوں میں کٹوتی اور تبادلہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
علاوہ ازیں خیبر پختونخواہ میں بھرتی کے عمل کو جدید اور شفاف بنانے کے لیے اہم پیشرفت ہوئی ہے جس کے تحت ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ایٹا) نے WSSP کی مختلف آسامیوں پر بھرتی کے لیے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد کیا، امتحانی پرچہ خودکار طریقہ سے کمپیوٹر نے تیار کیا جس سے ہر امیدوار کو ایک منفرد پرچہ ملا، WSSP پشاور میں منیجر (ایڈمن اینڈ اکاؤنٹس/کسٹمر کیئر)، اسسٹنٹ منیجر (ایچ آر اینڈ ایڈمن)، اسسٹنٹ منیجر (اکاؤنٹس اینڈ پیمنٹس)، اسسٹنٹ منیجر (ایم آئی ایس)، ایچ آر آفیسر، فلیٹ آفیسر اور ایم آئی ایس اسسٹنٹ کی بھرتی کے لیے امتحان ایٹا کے زیر اہتمام منعقد ہوا، تمام امتحانی عمل کمپیوٹرائزد طریقہ سے انجام پذیر ہوا۔
کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ نظام کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ امتحانی عمل شفاف، منظم اور وقت اور وسائل کی بچت کے اصولوں پر مبنی ہو، اس نظام کے تحت امیدواروں کو امتحان مکمل کرنے کے فوراً بعد ان کے نتائج سکرین پر دکھا دیئے گئے، اس پورے عمل میں انسانی مداخلت کو کم سے کم رکھا گیا تاکہ ٹیسٹ کے معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے، امیدواروں نے آرام دہ اور منظم ماحول میں امتحان میں حصہ لیا اور اپنی نشست چھوڑنے سے پہلے اپنے نتیجے سے آگاہ ہو کر امتحانی مرکز سے رخصت ہوئے۔
ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایٹا عادل سعید صافی نے کہا کہ کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ ایٹا کے شفافیت اور میرٹ پر مبنی بھرتی کے عزم کی واضح مثال ہے جس میں امیدواروں کو جدید ترین سہولیات میں اپنا امتحان دینے کا موقع فراہم کیا گیا ہے، یہ نظام مرحلہ وار صوبے کے تمام اضلاع میں نافذ کردیا جائے گا جس کے تحت امیدواران اپنے نزدیک ترین مرکز پر امتحان میں شرکت کر سکیں گے، اس مقصد کے لیے سرکاری و نجی جامعات اور کالجوں کے ساتھ شراکت داری کے منصوبے پر عمل درآمد جاری ہے اور بہت جلد ایٹا کے تمام امتحانی عمل مکمل طور پر کمپیوٹرائزد کر دیئے جائیں گے۔
انہوں نے امتحان کے کامیاب انعقاد پر اپنی ٹیم اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھرتی کے عمل کو مزید شفاف اور معیاری بنانے کے لئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور یقین ظاہر کیا کہ ا یٹا کا یہ قدم خیبرپختونخواہ میں امتحانی اور بھرتی کے عمل کو جدید، شفاف اور مؤثر بنانے کی جانب ایک سنگ میل ثابت ہوگا، امتحان میں شریک امیدواروں نے اس جدید نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نا صرف شفاف ہے بلکہ وقت کی بھی بچت کرتا ہے، فوری نتائج کے اجراء نے امیدواروں کے اعتماد کو مزید بڑھایا ہے۔