اسلام آباد اورخیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی اور گہرائی 212 کلومیٹر تھی، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے

اسلام آباد، پشاور( نیوز ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی اور گہرائی 212 کلومیٹر تھی، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخواہ اور آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں و دفاتر سے نکل آئے ۔
اسی طرح خیبرپختونخوا ہ کے علاقوں پشاور،شمالی وزیرستان، چترال، سوات،چارسدہ، بٹگرام اور ملاکنڈ کے علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جبکہ شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا ۔ زلزلے کا مرکز پاک افغانستان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔ ابتدائی طور پر کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم مقامی حکام نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔