بالائی خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش اور بلند و بالا پہاڑوں پر ہلکی برف باری متوقع
مانسہرہ ( نیوز ڈیسک ) ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی آمد، مشہور سیاحتی مقام نے برف کی چادر اوڑھ لی، بالائی خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان میںہ تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش اور بلند و بالا پہاڑوں پر ہلکی برف باری متوقع ۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے پی کے کے مطابق مانسہرہ اور گردنواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ اس کے علاوہ بالاکوٹ، اوگی، بفہ اور شنکیاری میں شدید بارش ہوئی ۔موسم سرما شروع ہوتے ہی میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری شروع ہو گئی ہے۔ وادی ناران، کاغان، بابو سر ٹاپ پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
ناران کے سیاحتی مقامات پر رات گئے سے شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے، اور تاحال ناران میں ایک انچ جبکہ بٹہ کنڈی میں 4 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بلند ترین سیاحتی مقام بابو سر ٹاپ پر ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے، اور اس کے باوجود بھی بابوسر ٹاپ پر شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شاہراہ بابوسرٹاپ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئِی ہے۔ترجمان ٹورازم کے مطابق یہ وادی ناران کے سیاحتی مقام بٹہ کنڈی میں پہلی برف باری ہے، اس سے کچھ روز قبل بابوسر ٹاپ پر بھی برف باری ہوئی تھی۔
خیبرپختونخواہ کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں مظفراباد اور اس کے گرد و نواح میں بارش کا سلسلہ گزشتہ رات سے شروع ہو گیا جس میں سردی کی شدت میں اضافہ جبکہ اٹھ مقام وادی نیلم کیل لیپہ سمیت دیگر بلند علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان میںہ تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش اور بلند و بالا پہاڑوں پر ہلکی برف باری متوقع ہے۔