اسلام آباد (نیوزڈ یسک)سابق انگلش کپتان و کمنٹیٹر ناصر حسین نے منفرد اسٹائل کی وجہ سے آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ سے تشبیہ دیدی۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ڈیبیو پر سنچری سکور کرنے والے کامران غلام کو انگلش کمنٹیٹر ناصر حسین نے سٹیو سمتھ کی طرح منفرد بیٹنگ اسٹائل پر سراہا۔
سکائی سپورٹس کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے سابق برطانوی ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ کامران غلام نے جلد وکٹیں گرنے بعد اٹیک اور دفاع کے درمیان صحیح توازن قائم کیا ہے، پاکستانی کھلاڑی عام طور پر سویپ شارٹس پسند کرتے ہیں لیکن انہوں نے فٹ ورک کا بہترین استعمال کیا۔ خیال رہے کہ کامران غلام کو سابق کپتان بابراعظم کی جگہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا جو مسلسل ٹیسٹ کرکٹ میں ناقص فارم کی وجہ سے تنقید کی زد میں تھے۔
کامران غلام نے ڈیبیو پر سنچری سکور کرنے والے 13ویں پاکستانی کرکٹر بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔ جب کامران غلام کریز پر آئے تو پاکستان 2 وکٹوں پر 19 رنز بنا کر مشکل میں تھا لیکن صائم ایوب کے 77 رنز کے ساتھ ان کی سنچری شراکت داری نے پاکستان کو راستے پر واپس لانے میں مدد کی۔ ان کی 149 رنز کی شراکت نے اننگز کو استحکام بخشا جس میں کامران غلام نے جیک لیچ کی اسپن کو سنبھالا، جس نے ابتدائی نقصان پہنچایا تھا۔ پہلے دن کے اختتام تک پاکستان 5 وکٹوں پر 259 تک پہنچ چکا تھا جس کی بڑی وجہ کامران غلام کی سنچری تھی۔