اسلام آباد اور راولپنڈی میں14، 15 اور16 اکتوبر کو عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا

شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے باعث جڑواں شہروں میں 3 دن کی عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی دارلحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے باعث تین دنوں کیلئے عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق حکومت کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں14، 15 اور16 اکتوبر کو عام تعطیل کی منظوری دے دی گئی ہے۔
جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایس سی او سمٹ کے باعث جڑواں شہروں میں 3 دن کی عام تعطیل ہوگی۔ جس کے باعث نجی و سرکاری تعلیمی ادارے، دفاترز بند رہیں گے۔ یاد رہے شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے موقع پر سیکیورٹی کے سلسلے میں 5 سے 17 اکتوبر تک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم سمٹ کے لیے فوج کی تعیناتی آرٹیکل 245 کے تحت کی گئی ہے۔

اسی طرح شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کانفرنس کے پیش نظر پنجاب حکومت نے بھی امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے پاک فوج کو طلب کرلیا۔ وزارت داخلہ پنجاب کی جانب سے فوج کی خدمات سے متعلق قواعد کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت مسلح افواج کو طلب کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں نوٹیفکیشن کے حوالے سے بتایا گیا کہ فوج، سول آرمڈ فورسز اور پولیس سے مل کر ایس سی او کانفرنس میں امن و امان برقرار رکھے گی، ائیر پورٹس، راستوں، مقامات اور اردگرد علاقوں میں امن و امان برقرار رکھا جائے گا۔
پنجاب حکومت کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فوج طلبی کا فیصلہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس میں کیا گیا، فوج کو واضح غیرمبہم رولز آف انگیجمنٹ دیے گئے ہیں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی خطرے کی اطلاع حاصل کر سکیں گے، دشمن عناصر، ہجوم یا فسادیوں کی طرف سے حملہ یا دھمکی کے موقع پر اقدامات کر سکیں گی۔ مسلح جتھوں کی جانب سے حملے کی معلومات پر آرمڈ فورسز کو کارروائی کا اختیار ہو گا، مسلح افواج کو انتشار پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹنے کا اختیار ہو گا۔