ارکان اسمبلی نے علی امین گنڈاپور کے اسمبلی پہنچنے پر ان کے حق میں نعرے لگائے
پشاور ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اچانک صوبائی اسمبلی پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد کے خیبرپختونخواہ ہاؤس سے لاپتا ہونے والے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور اچانک خیبر پختونخوا اسمبلی پہنچ گئے، ارکان اسمبلی نے علی امین گنڈاپور کے اسمبلی پہنچنے پر ان کے حق میں نعرے لگائے۔
بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخواہ اسمبلی میں شام سے شروع ہونے والے اجلاس میں سپیکر نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور سمیت دیگر لاپتا ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے۔
سپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی بابر سلیم سواتی نے صوبے میں وفاقی نمائندوں آئی جی اور چیف سیکرٹری کو طلب کیا، خیبرپختونخواہ اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے بارے میں بتائیں کہاں ہیں، خیبر پختونخواہ ہاؤس میں جو ہوا اس پر کل بریفنگ دیں، کیا خیبرپختونخوا کا سٹیٹس مقبوضہ کشمیر والا ہے؟ اِس سے پہلے بھی کئی مرتبہ خلاف ورزی کی گئی، فوجی آ جاتے ہیں، کہتے ہیں اٹھو اُوئے اگلا گیئر لگاؤ، تمہیں اِدھر بند کر دیں گے تمہیں اُدھر بند کر دیں گے، اسی طرح خیبر پختونخواہ ہاؤس پر یلغار کی گئی، کیا وفاقی حکومت خیبر پختونخواہ کو فیڈریشن کا یونٹ تصور نہیں کرتی؟ کیا پختونخواہ کے عوام کے حقوق نہیں ہیں۔