لاہور(این این آئی)پاکستانی بیٹر بابر اعظم کی جانب سے قومی وائٹ بال ٹیم کی کپتانی سے دستبرداری کے بعدکپتانی کیلئے 3 کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔بابر اعظم کا کپتانی سے مستعفی ہونے کے بعد بڑا سوال ہے کہ اب قومی وائٹ بال ٹیم کا اگلا کپتان کون ہوگا؟، اس تناظر میں وکٹ کیپر محمد رضوان اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ ان کے کپتان بننے کے امکانات بہت کم دکھائی دیتے ہیں۔
البتہ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل، جارح مزاج اوپنر فخر زمان اور آل راؤنڈر سلمان علی آغا کے نام زیر غور ہیں۔سعود شکیل کو بنگلا دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ کی سیریز میں وکٹ کیپر محمد رضوان کی جگہ بطور نائب ٹیسٹ کپتان شان مسعود کے سامنے لایا گیا تھا۔فخر زمان پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی قیادت کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔البتہ آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے ڈومیسٹک سطح پر بھی قیادت کے فرائض انجام نہیں دیے۔یاد رہے کہ بابر اعظم گزشتہ سال ورلڈکپ میں شکست کے بعد نومبر میں تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبر دار ہو گئے تھے۔