اقوام متحدہ کے یوٹیوب چینل پر شہباز شریف کی تقریر سب سے زیادہ دیکھے جانے کا دعویٰ غلط ثابت، جس ادارے کا حوالہ دے کر دعوٰی کیا گیا اس کا اقوام متحدہ سے کوئی تعلق نہ ہونے کا انکشاف
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) شہباز شریف کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا خطاب دنیا میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا خطاب ہونے کا حکومتی دعوٰی جھوٹا اور بے بنیاد نکلا، اقوام متحدہ کے یوٹیوب چینل پر شہباز شریف کی تقریر سب سے زیادہ دیکھے جانے کا دعویٰ غلط ثابت، جس ادارے کا حوالہ دے کر دعوٰی کیا گیا اس کا اقوام متحدہ سے کوئی تعلق نہ ہونے کا انکشاف۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے حال ہی میں امریکی شہر نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کیا گیا۔ اس خطاب کے حوالے سے سرکاری نشریاتی اداروں اور وزیر اعظم ہاوس کے سوشل میڈیا اکاونٹس پر دعوٰی کیا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا خطاب اقوام متحدہ کے یوٹیوب اکاونٹ پر سب سے زیادہ دیکھے جانا والا خطاب تھا، عالمی رہنماوں میں شہباز شریف کے خطاب کو سب سے زیادہ پذیرائی حاصل ہونے کا دعوٰی کیا گیا ہے۔
تاہم اب ان دعووں کی حقیقت کچھ اور ہی نکلی ہے۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم شہباز شریف کی تقریر کے اقوام متحدہ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر سب سے دیکھے جانے والے خطاب کے حوالے سے سرکاری نشریاتی ادارے کا دعویٰ غلط ثابت ہو گیا ہے۔ سرکاری نشریاتی اداروں اور حکومتی رہنماوں کی جانب سے جس ادارے کا حوالہ دے کر وزیر اعظم کے خطاب کو سب سے زیادہ مقبولیت حاصل ہونے کا دعوٰی کیا گیا، اس ادارے کا اقوام متحدہ سے کوئی تعلق ہی نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
30 ستمبر 2024 کو سرکاری ادارے ریڈیو پاکستان نے ایک خبر شیئر کی جس میں دعوٰی کیا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب سب سے زیادہ دیکھی جانے والی تقریر تھی۔ رپورٹ میں “یو این سینٹر فار پبلک اوپینین ریسرچ” نامی ادارے کے اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی تقریر اقوام متحدہ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والی تقریر بن گئی۔
دعوے کیے گئے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر اقوام متحدہ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر سب سے زیادہ دیکھی گئی، وزیر اعظم دنیا میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے عالمی رہنما بن گئے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب اقوام متحدہ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر ایک لاکھ 37ہزار افراد نے دیکھا۔ ریڈیو پاکستان، مختلف سرکاری نشریاتی اداروں اور حکومتی رہنماوں کی جانب سے بھی اس دعوے کو دہرایا گیا۔
تاہم ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ اقوام متحدہ کی کسی ایجنسی نے اپنی یوٹیوب ویڈیوز پر ویوز کے بارے میں ایسے اعداد و شمار فراہم نہیں کیے۔ “یو این سینٹر فار پبلک اوپینین ریسرچ” نامی ادارے سے متعلق تحقیق کرنے پر معلوم ہوا کہ یہ کوئی غیر ملکی ادارہ نہیں ہے، نہ ہی اس کا اقوام متحدہ سے کوئی تعلق ہے۔ دراصل یہ ایک پاکستانی کنسلٹنگ ایجنسی ہے، جس کی ویب سائٹ پر بھی اقوام متحدہ کے ساتھ کسی بھی قسم کی وابستگی کے حوالے سے کوئی حوالہ نہیں دیا گیا۔
ڈان اخبار کے مطابق تحقیق کے بعد یہ دعویٰ جھوٹا ثابت ہوتا ہے کہ اقوام متحدہ کے ایک نام نہاد سینٹر فار پبلک اوپینین ریسرچ نے اقوام متحدہ کے یوٹیوب چینل پر وزیر اعظم شہباز کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کو دیکھے جانے کے حوالے سے اعداد و شمار فراہم کیے۔ جبکہ اس حوالے سے معروف صحافی منصور علی خان کی جانب سے بھی بتایا گیا ہے کہ جس روز وزیر اعظم شہباز شریف کے خطاب کو دنیا میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا خطاب ہونے کا دعوٰی کیا گیا، اس روز تک بھی شہباز شریف کے بجائے اسرائیلی وزیر اعظم کے خطاب کو اقوام متحدہ کے یوٹیوب چینل پر سب سے زیادہ ویوز ملے تھے۔