گاڑیوں کی لاگت 61 کروڑ 24 لاکھ 75 ہزار روپے بتائی گئی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب نے کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ترقی کو منصوبے کی ضرورت پر بریفنگ دی
لاہور ( نیوز ڈیسک ) مسلم لیگ ن کی پنجاب حکومت کی جانب سے وی وی آئی پیز کیلئے 79 نئی لگژری گاڑیاں خریدنے کے منصوبے کا انکشاف ہوگیا، گاڑیوں کی لاگت 61 کروڑ 24 لاکھ 75 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب نے کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ترقی کو لگژری گاڑیوں کے ساتھ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) کے ٹرانسپورٹ پول کو مضبوط بنانے کے منصوبے کی ضرورت کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ حکومت پنجاب نے حال ہی میں آرڈیننس 2002ء کے سیکشن 3 کے تحت 29 پارلیمانی سیکریٹریز کی تقرری کی اور انہیں محکمے تفویض کیے، آرڈیننس کے تحت ہر پارلیمانی سیکریٹری کو سرکاری و نجی مقاصد کے لیے ایک سرکاری گاڑی استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگست میں 29 پارلیمانی سیکریٹریز کی تقرری کی، جن کے لیے ایس اینڈ جی اے ڈی لگژری گاڑیاں تلاش کر رہی ہے، اب تک ٹرانسپورٹ ونگ نے 20 پارلیمانی سکریٹریوں کو ایس اینڈ جی اے ڈی کے ٹرانسپورٹ پول سے گاڑیاں فراہم کی ہیں، حکومت کو باقی پارلیمانی سیکریٹریز کے لیے مزید 9 نئی سرکاری گاڑیاں خریدنے کی ضرورت ہے جب کہ مستقبل میں صوبائی کابینہ اور پارلیمانی سیکریٹریز میں توسیع کے امکان کے پیش نظر ریزرو کے طور پر مزید 20 گاڑیوں کی بھی ضرورت ہے، حکومت نے 30 نئی ٹویوٹا ہائی لکس سنگل کیبن کی درخواست کی ہے جو صوبائی وزراء کی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے ٹرانسپورٹ پول میں انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ کے ڈیلرز سے مجموعی طور پر 76 نئی گاڑیاں خریدنے کی ضرورت ہے، اس میں پارلیمانی سیکریٹریز کے لیے 29 ٹویوٹا کرولا آلٹس ایکس گرانڈے 1.8 سی وی ٹی ون کی خریداری کے لیے 22 کروڑ 13 لاکھ 99 ہزار روپے شامل ہیں، 15 ٹویوٹا کرولا آلٹس ایکس 1.6 سی وی ٹی کاروں کی خریداری کے لیے ایس اینڈ جی اے ڈی کو فی کار کے لیے 9 کروڑ 96 لاکھ روپے کی ضرورت ہے۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کا 23 واں اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا، جس میں حکومت پاکستان کو توقع ہے 12 سربراہان حکومت اجلاس میں شرکت کریں گے، وزارت خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لیے پنجاب حکومت سے 15 بلٹ پروف یا نان بلٹ پروف وی وی آئی پی گاڑیاں فراہم کرنے کی درخواست کی، اس مقصد کے لیے 2 ٹویوٹا فورچیونر اور 15 ٹویوٹا کرولا آلٹس 1.6 گاڑیاں بھی خریدی جا سکتی ہیں، شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں پروٹوکول کے فرائض کی انجام دہی کے لیے حکومت کے ٹرانسپورٹ پول کو ایک کروڑ 80 لاکھ 93 ہزار روپے کی لاگت سے دو ٹویوٹا فورچیونر سگما 2.8 لٹر ٹی ڈیزل خریدنی ہوں گی، دونوں گاڑیوں کی قیمت 36.186 ملین روپے ہوگی۔